راولپنڈی (اسپورٹس رپورٹر) زلمی فاؤنڈیشن ، وفاقی اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے ہونیوالی ہارمونی کرکٹ لیگ کامیابی سے اختتام پزیر ہو گئی ۔ فائنل میں سینٹ تھامس ٹائیگرز نے فاطمہ ڈیسیپل کو ہراکر ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ٹورنامنٹ کے دوران اور فائنل میں مذہبی ہم آہنگی کا خوبصورت مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ چیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ، چیرمین علما کونسل پاکستان مولانا طاہر اشرفی اور آرچ بشپ اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد، سمیوئل آزری ، سردار اعجاز ، بریگیڈیئر سائیمن میجر آصف مسیح اور پاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر شہریار آفریدی نے کہا پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی ہے ، زلمی فاونڈیشن , پنجاب حکومت نے ہارمونی کرکٹ لیگ منعقد کرکے زبردست کام کیا ، چیرمین علما کونسل پاکستان مولانا طاہر اشرفی نے کہا حکومت تمام اقلیتوں کی آزادی اور تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ زلمی فاونڈیشن کے ساتھ مل کر مدرسہ لیگ کا بھی انعقاد کریں گے۔آرچ بشپ اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن ، وفاقی اور پنجاب حکومت کو ہارمونی کرکٹ لیگ کے انعقاد پر سراہتے ہیں۔ محمد اکرم نے کہا پشاور زلمی کھیلوں کے زلمی فاونڈیشن ساتھ دیگر شعبہ جات میں سرگرم عمل ہے , چرچز کی ٹیموں اور نوجوان کرکٹرز کو ان ایکشن دیکھ کر خوشی ہوئی۔