9 خواتین کو ہراسگی پر آواز اٹھانے کیلئے آمادہ کرنا بڑا چیلنج ، کشمالہ طارق

Jul 13, 2021

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی محتسب برائے ہراسگی خواتین کشمالہ طارق نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کو ہراسگی جیسے مسائل پر آواز اٹھانے کے لئے آمادہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، مختلف دفاتر اور نجی اداروں میں جنسی ہراسگی کمیٹی کا قیام قانونی طور پر لازمی ہے جو کہ ہراسگی کے خلاف داد رسی کا پہلا فورم ہے، اس کے بعد وفاقی محتسب کا نمبر آتا ہے لیکن اصل چیلنج خواتین کو ہراسگی کے خلاف آواز اٹھانے پر آمادہ کرنا ہے۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں غیر سرکاری تنظیم ڈینش، پاکستان اینٹا پینیور فورم (ڈی پی ای ایف) کے تعاون سے پاکستان میں موجود خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے، یورپ اور ڈنمارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں روزگار کے مواقع مہیاکرنے سمیت دفاتر میں ہراسگی جیسے مسائل سے متعلق تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لز روزن ہام بھی تقریب میں شریک ہوئیں جب کہ تقریب میں ڈنمارک میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور ڈی پی ای ایف کے سربراہ ذوالفقار کمال اور پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل کمال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈنمارک کی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو ورک پلیس پر جن حالات کا سامنا ہے اس کے حوالے سے ڈی پی ای ایف کی سوچ اور کاوش قابل تحسین ہے۔ تقریب کے اختتام پر ویب پورٹل بنانے والی پاکستانی اور ڈینش ٹیموں کے ارکان میں کیش پرائز  اور انعامات بھی تقسیم کئے  گئے۔

مزیدخبریں