کراچی (نیوزرپورٹر)بیگم ثمینہ عارف علوی نے خصوصی افراد کے خاندانوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں ان کا یقینی اندراج کروائیں تاکہ وہ بھی وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت دستیاب سہولیات اور فوائد سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو گورنر ہاس میں خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بیگم ثمینہ عارف علوی نے خصوصی افراد میں چیک اور وہیل چیئرز تقسیم کیں۔ انہوں نے خصوصی افراد کو یقین دلایا کہ پاکستان بیت المال اور اخوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کراچی میں باقاعدگی سے چیک اور وہیل چیئرز کی تقسیم کا کام جاری رکھا جائے گا۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے ملک میں خصوصی افراد سے متعلق اعداد و شمار جمع کرنے کے لئے پاکستان بیت المال اور اخوت فانڈیشن کی کاوشوں کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں خصوصی افراد کو سماجی تحفظ کے نیٹ میں لانے کے لئے فالو اپ سیشنز بھی منعقد کیے جائیں۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے معذور افراد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ محض نقد رقم پر انحصار کرنے کی بجائے پائیدار نمو کے لئے کچھ منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بھی غور کریں۔ انہوں نے نجی شعبے میں خصوصی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا خاص طور پر ان لوگوں کو جو تعلیم یافتہ اور ہنر مند ہیں اور اپنے کنبے کے لئے روزی کمانے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت کسی بھی کاروبار کو شروع کرنے کے لئے خواتین اور خصوصی افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لئے آسان قرضے فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی اہلیہ مسز ریما عمران بھی موجود تھیں۔