اسلام آباد(نا مہ نگار) نیپرا نے مئی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 26پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 29جون 2021 کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز پر عوامی سماعت کی گئی تھی جس کے نتیجے میں سی پی پی اے نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مدد میں 12 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے مزید کہا کہ اتھارٹی نے بجلی کے نرخ میں 26پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق صرف جولائی کے مہینے کے بلوں پر ہوگا اور ڈسکوز کے تمام صارفین ما سوائے 300تک یونٹ استعمال کرنے والے، لائف لائن اور زرعی صارفین فائدہ اٹھاسکیں گے۔علاوہ ازیں وہ صنعتی صارفین جو انڈسٹریل سپورٹ پیکیج کا فائدہ لے رہے ہیں انہیں منفی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا فائدہ اضافی کم قیمت والے یونٹ پر نہیں ملے گا البتہ بنیادی ٹیرف کی حد تک منفی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا فائدہ ضرور ملے گا۔نیپرا کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔