جنوبی پنجاب سے کمٹمنٹ پوری کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی جنوبی پنجاب کے عوام کا پورا حق ہے اور تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا یہ بنیادی حق واپس کیا ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو صرف کھوکھلے نعروں سے بہلایا۔ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کیلئے مختص وسائل کو من پسند منصوبوں کیلئے استعمال کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے علیحدہ بجٹ مختص کیا ہے۔ پہلی بار جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے علیحدہ بک مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے بعد بہاولپور میں بھی جلد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس فائنل ہو چکے ہیں اور انہیں جلد نوٹیفائی کر دیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سے تحریک انصاف انصاف کی کمٹمنٹ کو پورا کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ دوسری جانب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں کی بے احتیاطی اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے کرونا کی چوتھی لہر دروازے پر دستک دے رہی ہے۔  ا یس او پیز پر عملدرآمد نہ کئے جانے کے باعث کرونا کیسوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ پابندیوں سے بچنا ہے تو ہر صورت ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا اور اگر احتیاط نہ کی گئی تو سمارٹ لاک ڈاؤن کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو بارش کے دوران اور بارش کے بعد بھی جاری رکھا جائے۔ بارشی پانی کے جلد نکاس میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن