اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا۔ وفاقی وزرائ، پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے شفاف انتخابات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف شفاف الیکشنز کی ضامن ہے۔ کشمیر میں ثابت کریں گے پہلی بار منصفانہ الیکشن ہوئے۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں 3 جلسے کرنے ہیں۔ وزیراعظم 17،18 اور 19 جولائی کو جلسوں سے خطاب کریں گے۔ میں نے وزیراعظم سے 5 جلسے کرنے کی درخواست کی ہے۔ جنہیں شکست کا خوف ہے وہ شور مچا رہے ہیں۔ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کی دعوت دیتے ہیں، لیکن وہ نہیں آتے۔ علاوہ ازیں پنجاب ترقیاتی پیکج کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے جدید سائنسی طریقہ کار اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔ ضلعی ترقیاتی پیکیج پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ہر ضلع میں کھیل کے میدان بنائے جائیں۔ یونیورسل ہیلتھ کیئر کی سہولت سے عام آدمی کو استفادہ کرنے میں کوئی دقت نہ ہو۔ ترقیاتی پیکیج پر پیشرفت کا سہ ماہی جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھجوائی جائے۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، معاون خصوصی وزیر اعلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے آگاہ کیا کہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 66 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ گذشتہ سال کے بجٹ کی استعمال کرنے کی شرح 97 فیصد رہی جو کہ پچھلے 10سالوں میں ریکارڈ ہے۔ پچھلے سال کل 5889 سکیمیں مکمل کی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام ضلعی اور متعلقہ اداروں کے افسران منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہوں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار کے جامع ڈویلپمنٹ و منیجمنٹ منصوبے، لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد اور پنجاب میں دیگر مزارات کے تحفظ اور بحالی و آرائش کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن ، ہاشم جواں بخت، فرخ حبیب، فردوس عاشق اعوان و دیگر سینئر حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں واقع مزارات ہمارا تاریخی ورثہ ہیں۔ مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ان مقامات کی بحالی و تحفظ انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ درباروں کے اطراف میں واقع اراضی کو مناسب طریقے سے بروئے کار لانے کے حوالے سے جامع پلان تشکیل دیا جائے تاکہ اس سرکاری اراضی کو ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لئے بروئے کار لایا جا سکے۔ مزید برآں وزیراعظم کا ایک روزہ دورہ لاہور خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ عمران خان نے شیڈول اجلاسوں کی ویڈیو لنک پر اسلام آباد سے صدارت کی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مون سون شجرکاری کے