حفیظ شیخ کیخلاف نیب ریفرنس کی سفارش

Jul 13, 2021

اسلام آباد+ کراچی (نامہ نگار+ وقائع نگار+ نیوز رپورٹر) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت اور میگا کرپشن مقدمات پر توجہ مرکوز کرنے کے اقدام پر عمل کرتے ہوئے نیب کراچی کے ریجنل بورڈ نے بدعنوانی کے 2 ریفرنس دائر کرنے اور دو انکوائریوں کی منظوری کی چیئرمین نیب کو سفارش کی ہے۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب کراچی کے ریجنل بورڈ کا اجلاس نیب کراچی میں ہوا جس میں مختلف انکوائریوں، انویسٹی گیشنز اور دیگر آپریشنل امور پر غور کر کے فیصلے کیے گئے۔ بورڈ نے مجاز حکام کو لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسروں/ اہلکاروں، بورڈ آف ریونیو اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی۔ ملزمان سابق ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ غلام مصطفی پھل، سابق ڈپٹی کمشنر/ای ڈی او عاصم میمن نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قیمتی سرکاری زمین کوڑیوں میں الاٹ کر کے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ بورڈ نے مجاز حکام کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران/ اہلکاران اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائرکرنے کی سفارش کی۔ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے قومی خزانے کو 11.125ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔ بورڈ نے محکمہ ریونیو تھانہ بولا خان ضلع جامشورو کے افسران اور دیگر خلاف انویسٹی گیشن میں ملزم نذیر احمد کی1.083ملین روپے پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ ملزمان کے خلاف ریفرنس نمبر 1/2019/Hاحتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ان پر قیمتی سرکاری اراضی کے ریکارڈ میں جعل سازی کا الزام ہے۔ بورڈ نے ملزمان سابق ڈپٹی کمشنر ضلع ویسٹ کراچی فیاض سولنگی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم بدعنوانی میں ملوث ہے، بورڈ نے 100سے زائد متاثرین کی شکایت پر میسرز بلیک سٹون ڈویلپرز کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پیٹل ایونیو ہائوسنگ پراجیکٹ سکیم 33گلشن جوہر کراچی کے الاٹیز کو پلاٹ نہ دے کر بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دہی سے لوٹ مار میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے بورڈ کو بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی نیب لاہور نے نیب لاہور کے پراسیکیوشن ونگ کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ نیب لاہور نے 2018سے 2021کے دوران نیب آرڈیننس کے سیکشن 10 (a)کے تحت49مجرموں کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں نیب لاہور نے 2021 کے دوران نیب آرڈیننس کے سیکشن 10اے کے تحت 6 مجرموں کو سزائیں اور 284.22 ملین روپے کا جرمانہ کروایا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال نے ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں نیب لاہور کے پراسیکیوشن ونگ کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔

مزیدخبریں