کراچی (نیوزرپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے اراکین سینیٹ ڈاکٹر توصیف احمد خان، ڈاکٹر عرفان عزیز اور ڈاکٹر سید طاہر علی نے یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کے تقر ر کے لیے سینیٹ کے اجلاس کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم اور قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کو فور طور پر عارضی ذمہ داریوں سے علیحدہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اراکین سینیٹ نے کہا کہ یونیورسٹی کی سینیٹ کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے تاکہ مستقل وائس چانسلر کا تقرر فوری طور پر کیا جاسکے۔اراکین سینیٹ نے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ایک مذمتی قرارداد سینیٹ میں پیش کریں گے۔اطلاعات کے مطابق صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر نے 24 جون کو یونیورسٹی کے ڈپٹی چئیر سینیٹ اے کیو خلیل کو ہدایت جاری کی کہ وہ یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے لیے یونیورسٹی سینیٹ کا اجلاس طلب کریں تاکہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے اور یونیورسٹی کے آرڈیننس کے مطابق یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کا تقرر ہو سکے۔لیکن قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر صارم اور قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے صدر پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والی تحریری ہدایت کونظر انداز کر دیا جس کی وجہ سے یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کا عمل تا حال التواء کا شکار ہے۔
جامعہ اردو، عارضی وائس چانسلر و رجسٹراری کی سبکدوشی کا مطالبہ
Jul 13, 2021