اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 22 نکاتی ایجنڈے پر غور و خوض اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں مزید وزراء کو شامل کرنے پر غورشروع کر دیا ہے
ذرائع کے مطابق عید کے بعد وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ق لیگ، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق انہیں وزارتیں دی جائیں گی۔ق لیگ کے رہنما مونس الہی کو بھی وزارت دی جائے گی۔ زلفی بخاری دوبارہ سے کابینہ کا حصہ بنیں گے۔ سابق وفاقی وزیر فیصل وواڈا کی دوبارہ کابینہ میں شمولیت کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ایم کیو ایم اور باپ کو بھی ایک ایک وزارت ملنے کی امیدہے ۔ موجودہ وزراء میں سے بھی کچھ وزراء کو گھر بھیجا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ کو نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر عمارت کی تعمیر پر بریفنگ دی جائے گی۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ کو ای 8 اور ای 9میں تجاوزات سے متعلق بریفنگ اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے خصوصی الاؤنس کی منظوری دی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست آج ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ٹی ایل پی کے متعلق جائزہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش ہوگی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اقبال اکیڈمی کے نائب صدر اور 5 گورننگ باڈی اراکین کے ناموں کی منظوری دی جائے گی۔ ڈرگز کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری بھی دی جائیگی۔کابینہ اجلاس میں آئیسکو کے سی ای او کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔ ایم ڈی نیشنل انجینئرنگ سروس کی تقرری اور 3 ماہ کی مدت میں توسیع کی منظوری بھی دی جائے گی۔پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے سی ای او کی تقرری بھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دیگر اہم امور بھی زیر غور آئیں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی اہمیت کے حامل 22 نکاتی ایجنڈے پر غور و خوض اور فیصلے کیے گئے، ای او بی آئی کے چیئرمین کی کنٹریکٹ پر تعیناتی موخر کردی گئی۔
رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے دوران وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں متعدد محکموں کے سربراہان کی تقرریوں کی منظوری دی گئی اور دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔