لاہور: علاج معالجے کیلئے شوکت خانم ہسپتال میں داخل ہونے والے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا پاکستانی اولمپین نوید عالم انتقال کر گئے ہیں۔ان کی عمر 47سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق نوید عالم کی بیٹی نے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز رات کے وقت پاکستان کے معروف اولمپین نوید عالم کی شوکت خانم ہسپتال لاہور میں کیموتھراپی ہوئی۔شوکت خانم ہسپتال میں کیمو تھراپی کے بعد نوید عالم کی طبیعت بگڑ گئی۔ ان کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ طبیعت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر آئی سی یو منتقل کردیا گیا، تاہم نوید عالم جانبر نہ ہوسکے۔رواں ماہ کے آغاز میں ہی نوید عالم کے بلڈ کینسر میں مبتلا ہونے کی تشویشناک خبر ہاکی کے شائقین کے دلوں پر بجلی بن کر گری۔ نوید عالم سابق ہاکی اولمپین اور 1994ء کے ورلڈ کپ کی فاتح قومی ہاکی ٹیم کے رکن تھے۔
جولائی کے پہلے ہفتے میں طبیعت چند روز سے ناساز ہونے کے باعث نوید عالم اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ چیک اپ کیلئے شوکت خانم ہسپتال پہنچے جہاں ان کے جسم میں بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی اور علاج کا تخمینہ 40لاکھ روپے لگایا گیا۔اولمپین نوید عالم کی صاحبزادی نے علاج کیلئے صوبائی حکومتوں سے تعاون کی اپیل کی۔ اولمپین فورم پر متحرک نوید عالم کیلئے سابق کھلاڑیوں اور ہاکی سے وابستہ افراد نے فنڈز اکٹھے کیے۔ نوید عالم پاکستانی، چینی اور بنگلہ دیشی ہاکی ٹیمز کے کوچ بھی رہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوید عالم کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد انہیں قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نوید عالم کی بیماری کا سن کر افسوس ہوا ہے۔نوید عالم کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج سے 4 روز قبل اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت نوید عالم کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔