لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرک ٹیم سری لنکا کرکٹ الیون کیخلاف تین روزہ پریکٹس میچ میں 323رنز بناکرآئوٹ ہوگئی ۔ میزبان ٹیم نے میچ کے دوسرے دن پانچ وکٹوں پر 278رنز بنالئے ۔ پاکستان کی طرف سے عبد اللہ شفیق تین ‘امام الحق صفر ‘اظہر علی تینتالیس ‘کپتان بابر اعظم 88‘فواد عالم بائیس ‘محمد رضوان اکتیس ‘شان مسعود چھ‘سعود شکیل تین ‘آغا سلمان پچپن ‘محمد نوا ز سولہ یاسر شاہ نو اور شاہین شاہ آفریدی پانچ رنز بناسکے ۔ لکشیتھا منا سنگھے نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ میزبان ٹیم کے سدیراسمر وکرمااکانوے رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ محمد نواز نے دو ‘آغا سلمان ‘نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا،سری لنکا کی موجودہ صورتحال پرپی سی بی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے پر موجود قومی ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔قائم مقام ہائی کمشنر تنویر احمد بھٹی نے رمیز راجہ کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی میں سفارتی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان ٹیم نے ہوٹل ہی میں نماز عیدالاضحی ادا کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر قومی کھلاڑیوں کی نماز عید کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دینے اور بغلگیر ہونے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے عید کی نماز پڑھائی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
پریکٹس میچ ، قومی ٹیم 323 پر آؤٹ ، سری لنکن الپون کے 5 وکٹوں پر 278 رنز
Jul 13, 2022