حکومت کی جانب سے گرین اور بلیو لائن میٹروبس سروس کا اجراء بہترین اقدام ، شہری 

Jul 13, 2022


اسلام آباد (وقائع نگار) حکومت کی جانب سے گرین لائن اور بلیولائن میٹرو بس سروس کے اجراء کو لوگوں نے بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے حکومتی اقدام کو سراہا ہے شہریوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ دونوں روٹس پر میٹرو کے وقف شدہ ٹریک کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کروایا جائے تاکہ اس سروس کی بلاتعطل سہولت کو کارآمد بنایاجاسکے ۔ ایوان وقت سے بات چیت کرتے ہوئے راجا مطیع الرحمان نے بتایا کہ بہارہ کہو کا دیہی علاقہ طویل عرصے سے سستی اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم چلا آرہاہے لوگ روزانہ مرغیو ں کی طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے پر مجبور ہیں کسی بھی حکومت نے لوگوں کو سفری سہولت فراہم کرنے پر کھبی منصوبہ بندی نہیں کی ہے انہوں نے گرین لائن میٹرو بس سروس کی تعریف کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے وہ اس سروس کو زیادہ فعال اور کارآمد بنانے کے لیے اس کے وقف شدہ ٹریک مکمل کریں تاکہ اس سہولت کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے سوہان کے رہائشی اکابر عباسی نے ایوان وقت کو بتایا کہ گزشتہ بیس سالوں میں اسلام آباد ایکسپریس وے پر ایک نیا شہر آباد ہوچکا ہے درجنوں ہاوسنگ سکیموں میںلاکھوں کے حساب سے ہاوسنگ یونٹس ایڈ ہو چکے ہیں لوگ اب روات اور ڈی ایچ اے سے روزانہ کام کاج کے لیے اسلام آباد کا سفر اختیار کرتے ہیں ایسے میں بلیو لائن میٹرو بس سروس کا اجرا ء بہت بڑی سہولت ہے حکومت اس سروس کو جلد ازجلد روات سے شرو ع کرے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کرسکیں ۔ کریم خان نے ٹیکسلا سے ایوان وقت کو بتایا کہ جس طرح روالپنڈی اسلام آباد کو ایک ٹرانسپورٹ نظام سے منسلک کیا گیا حکومت اسی طرح میٹرو کا ایک روٹ ٹیکسلا سے پشاور موڑ تک چلا ئے جسے ٹورزم بھی پروموٹ ہوگی اور لوگوں کے پاس ایک بہترین سفری سہولت بھی میسر آئے گی ۔

مزیدخبریں