حیدرآباد/لاڑکانہ(بیورورپورٹ/نامہ نگاران) عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کے جناح باغ، ذوالفقار باغ، درگاہ پیر مٹھا سمیت مختلف عیدگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کی عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے عید نماز کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاڑکانہ پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت تھے۔دوسری جانب عید نماز ادا کرنے کے بعد شہریوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے بھینسوں، بکریوں اور دیگر چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کرکے محلے داروں، دوست احباب اور دیگر میں گوشت تقسیم کیا، عید کے تینوں روز چھوٹے بچوں نے عید خرچی لینے کے بعد شہر کے پارکوں اور کھانے پینے کے اسٹالز کا رخ کیا جہاں انہوں نے خریداری کرنے کے ساتھ ساتھ جھولا جھول کر عید کے تینوں روز لطف اندوز ہوتے رہے۔ جھڈو سے نامہ نگار کے مطابق جھڈو میں عید الاضحی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی، ممکنہ بارش کے خدشہ کے پیش نظر نماز عید کے زیادہ تر اجتماعات کھلے مقامات کے بجائے مساجد میں ہی ہوئے، ہزاروں فرزان اسلام نے نماز عید ادا کی۔ خطبہ عید میں علماء کرام نے فلسفہ قربانی پر روشنی ڈالی اور راہ خدا میں عزیز سے عزیز ترین چیز قربان کرنے کا درس دیا۔ بعد ازاں سنت ابراہمی کے پیروی کرتے ہوئے شہریوں نے جانوروں کی قربانی کی اوراس عزم کی تجدید کی کہ مذہبی تہواروں کے موقع ضرورت مند افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہی اصل عید اور فلسفہ قربانی کا حقیقی درس ہے۔شکارپور سے نامہ نگار کے مطابق شکارپور شہر سمیت نواحی علاقوں میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش اور جذبے کے ساتھ منائی گئی‘ مختلف مساجد سمیت عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے‘ شہر میں مرکزی اجتماع جامع مسجد گھنٹہ گھر چوک لکھیدر میں منعقد کیا گیا جہاں سیکڑوں افراد کی جانب سے نماز عید ادا کرنے کے بعد ملک و قوم کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں. نماز عید کے بعد لوگوں کیجانب سے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے تینوں روز قربانی کا اہتمام کیا گیا۔دریا خان مری سے نامہ نگار کے مطابق دریا خان مری میں بھی عیدالاضحی جوش و جذبے سے منائی گئی قربانی کی گئی جب کہ بارشوں کی وجہ سے شہر میں گندگی کیچڑ کے سبب شہری پریشان رہے موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے سبب صارفین پریشانی سے دوچار بارشوں کا پانی قبرستانوں میں کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگ عید کے روز اپنے پیاروں کی قبروں پر نہ جا سکے۔ مہنگائی کی وجہ سے عید کی رونقیں دن بدن مانند پڑتی جا رہی ہے۔ اس سال قربانی کے جانور مہنگے ہونے اور شدید مہنگائی کے سبب سفید پوش طبقہ قربانی کرنے سے محروم رہا شہر اور گلیوں میں بارشوں کا گندا پانی کیچڑ ہونے کی وجہ سے شہریوں بچوں کو آنے جانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔شہدادپور سے نامہ نگار کے مطابق شہدادپور اور اس کے گردونواح میں عیدالضحی کا تہوار نہایت عقیدت واحترام سے منایا گیا۔مرکزی عیدگاہ ‘تحسین القرآن اسٹیشن روڈ ‘مدرسہ حسینیہ میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جبکہ علاقے کی درجنوں مساجد میں بھی عید کی نمازوں کا اہتمام کیا گیا۔نماز کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں نے جانوروں کی قربانی کی اور گوشت غربا ومساکین رشتہ داروں دوست احباب کو تقسیم کیا گیا۔جبکہ عید کے موقع پر بچوں خواتین نوجوانوں نے تفریح مقامات کا رخ کرکے فل انجوائے کیا۔گھروں میں مختلف اقسام کے کھانے پکا کر مہمان نوازی بھی کی۔