کراچی ( نیوز رپورٹر ) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے امیر پیر سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاہے کہ عید الاضحی پر حکومتی کارکردگی انتہائی افسوسناک رہی ہے، عید کے دنوں میں لوگ بارش کے پانی سے سے بچنے کی تگ دومیں لگے رہے ،غریبوں کاتوحکومتی اداروں کی جانب سے پہلے ہی پرسان نہیں تھا لیکن پوش علاقے بھی بارشوں میں تالاب بن گئے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں سے پہلے حکومتی ذمہ داران نے جو دعوے کئے تھے وہ پہلے دن ہی بارش میں بہہ گئے ،صورتحال یہ ہے کہ اکثرعلاقوں میں ابھی تک پانی جمع ہے ، جبکہ قربانی آلائشوں کا یہ عالم ہے کہ مختلف شاہراہوں اور چوراہوں پر پڑی نظرآرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں نظام مصطفی نافذ نہیں ہوگا،قوم مسائل میں پھنسی رہے گی۔ملک وقوم کو درپیش مسائل کا حل صرف اسلامی نظام میں ہے۔انہوں نے شاہ لطیف ٹائون میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حج اسلام کا بنیادی رکن اور مقدس دینی فریضہ ہے جو انسان کی مالی اور بدنی عبادتوں کا انمول سر چشمہ ہدایت ہے،حج کے دوران اتحاد و یگانگت ، مساوات اور وحدت امت کاوہ عملی مظاہرہ نظرآتاہے جس کی مثال دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اور مملکتِ خدا داد پاکستان سمیت ملی و قومی تہواروں میں بھی اتنے بڑے اجتماعات نہیں ہوتے جتنابڑاحج کا اجتماع ہوتاہے۔ حجِ بیت اللہ کا فقید المثال اجتماع اور خیمہ بستیاں کائنات کے ہر فرد اور مسلمانانِ عالم کو وحدتِ ملت کا انوکھا درس دیتی ہیں، اس عظیم اجتماع میں لاکھوں حجاج کرام رب رحمان کی تہلیل وتحمید یکسوئی سے کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ بھی اس رو ح پرور مناظر سے لطف اندوز ہوتاہے اوراس کی جانب سے حجاج کرام کے نامہ اعمال میں ان گنت اور لا تعداد اجروثواب لکھ دیا جاتا ہے،اس موقع پر اللہ رب العزت حجاج کرام کی ادائوں اور انکی حسنِ کار گزاری دیکھ کر بخشش ومغفرت کا پروانہ جاری فرمادیتاہے ۔انہوں نے کہاکہ حجِ بیت اللہ اور قربانی کی عالمگیریت ملتِ اسلامیہ کے ہر فرد کو اخوت و محبت ، بھائی چارگی ، اجتماعیت اور ہر ممکن اتحاد امت کا عالمگیر درس دیتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سیدنا ابراہیم خلیل اللہ ؑکی مناسک حج اور قربانی کرنے کی بیشتر ادائیں رب تعالیٰ کو بڑی پسند آئیں رب رحمان نے ان کا تذکرہ قرآن مجید میں بیان فرما کر رہتی دنیا تک ان پر عمل کرنے کی نوید سنائی ہے ۔