پیپلز پارٹی ہمیشہ بڑے سانحے کے بعد آنکھیں کھولتی ہے : سعد حسین رضوی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر وفاقی وصوبائی حکومت اور شہری اداروں کی بے حسی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ کسی بڑے سانحے کے بعد آنکھیں کھولتی ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے باوجود کراچی نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہیں کروایا گیا۔ہر بار کی طرح اس بار بھی کراچی کے شہریوں کو بے یارو مدد گار چھوڑا گیا۔شہر کے چھوٹے بڑے نالوں میں اب تک کچرا موجود ہے۔بارشوں سے پہلے نالوں کی صفائی کا عمل مکمل ہونا چاہیے تھا ۔پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی شہر کوبرباد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا سیلاب سندھ حکومت کی نااہلی اوربد انتظامی کی عکاسی کررہا ہے۔شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومت کراچی کوآفت زدہ قرار دے ۔لوگوں کو ذہنی اذیت سے نکالنے کے لیے ہنگامی اور مو ثر اقدامات کرے۔ملک کا انتہائی اہم شہر آج پانی میں ڈوبا ہوا ہے ،یہ ہماری حکومتوں ،سیاسی جماعتوں ،بلدیاتی اداروں کی مشترکہ بے حسی اور مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن