بھکر؍ مظفر گڑھ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں ہم امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے۔ پنجاب میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھکر میں پی پی 90 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے، اتنی بڑی تعداد میں آنے پر دریا خان کے لوگوں کا مشکور ہوں، ثناء اللہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش ہوئی مگر وہ نہیں ہوئے، دریا خان سے جو بھی ایم پی اے بنتا ہے وہ ہر بار کیوں لوٹا ہو جاتا ہے، جب انسان کا کوئی قبلہ نہ ہو تو وہ لوٹا ہو جاتا ہے، جہاں فائدہ نظر آتا ہے لوٹے کا منہ اس طرف ہو جاتا ہے، قبلہ نہیں ہوتا تو جہاں سے پیسہ دھمکی ملتی ہے لوٹا وہیں چلا جاتا ہے، جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں آپ سب نے لوٹوں کو شکست دینی ہے، میں نے آپ کی ڈیوٹی لگانا ہے آپ نے گھر گھر جانا ہے، امریکی سازش کے تحت ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا، سیاست میں 26 سال سے ان چوروں کا مقابلہ کر رہا ہوں، یہ الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں پر ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں، مجھ پر بھی ایف آئی آرز درج ہیں، ہزاروں بھی درج ہوں اور میری جان بھی چلے جائے تو چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکا کے ایک غلام کو وزیراعلیٰ بنایا گیا، غلام وزیراعظم کہتا ہے ہم مجبور اور بھکاری ہیں اس لیے امریکا کی غلامی کرنی ہے، ان کا وزیر خواجہ آصف کہتا ہے ہم زندہ ہیں تو امریکا کی وجہ سے ہیں، ہم نے ان کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ اور جدوجہد کرنی ہے، ان کو تسلیم کر لیا تو ہم ساری زندگی امریکا کی غلامی کرتے رہیں گے، شریف اور زرداری خاندان 32 سال سے حکومت کر رہا ہے، 32 سال بعد بھی کہتے ہیں ہمارا ملک غریب ہے، یہ مہنگائی کم کرنے آئے تھے، چوروں نے آتے ہی مہنگائی مزید بڑھا دی۔ یہ چوری ختم کرنے نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئے ہیں۔کراچی میں بارش کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کراچی کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں، کراچی ملک کا معاشی حب ہے، ان چوروں نے اس شہر کا کیا حال کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان چوروں کی مہم چلانے والی جھوٹوں کی شہزادی ہے، 8 سال پہلے کہتی تھی میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں ہے، سلیمان شہباز کک بیکس اسپیشلٹ کو بھی آپ نے سن لیا ہے، پاناما پیپرز آتے ہیں پتہ چلتا ہے ان لوگوں نے دولت چھپائی ہوئی تھی، پاناما پیپرز میں پتہ چلا لندن میں چار محلات مریم نواز کے ہیں، انکشاف کے بعد مریم کا بھائی کہتا ہے الحمد للہ میرے اپارٹمنٹس ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جھوٹ بولنے والی شہزادی چوروں کی کمپین کر رہی ہے، مریم بی بی کہتی تھیں لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، پانامہ پیپرز میں پتہ چلا لندن کے مہنگے علاقے میں 4 ارب روپے کی جائیداد مریم کے نام نکلی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر آئینی طور پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز بھی چور ہے، اس ملک کی سب سے بڑی بیماری بھی آپ کے ساتھ ملا ہوا ہے، سلیمان شہباز کہتا تھا جس پر پارٹی کی بات کر رہے ہیں لا کر دکھائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کتنی بار مریم اور حمزہ کے پاس گئے تھے، چیف الیکشن کمشنر بتاؤ کس طرح دھاندلی کر رہے ہو، انہوں نے دھاندلی کرنے کا پروگرام بنایا ہوا تھا، پاکستانیو! تیار ہو جاؤ اب یہ چور دھاندلی کے لیے اْتر رہے ہیں، ایک مسٹر ایکس ہے مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے مسٹر وائی کے ساتھ مل کر دھاندلی کی تیاری کی ہوئی ہے اور مسٹر وائی کو ملتان پہنچا دیا ہے۔ دھاندلی کی تیاری کے ساتھ وہ لوگوں میں خوف پھیلا رہے ہیں، دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بتانا چاہتا ہوں عوام پھینٹی لگائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ 17 جولائی کو ان چوروں کو شکست دے کر اپنی حالت بدلنی ہے۔ یہ جو مرضی کر لیں کسی حلقے میں ضمنی انتخاب نہیں جیت سکتے۔ یہ الیکشن نہیں جیت سکتے ان کا ایک ہی پروگرام بنا ہوا ہے دھاندلی۔ مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے کہ ہر صورت ان چوروں کو جتانا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مسٹر ایکس مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے مسٹر وائے کو ملتان دھاندلی کیلئے پہنچا دیا ہے۔ مسٹر ایکس اور وائے کو چیلنج ہے دونوں کو پھینٹا لگے گا۔ الیکشن ہم جیتیں گے۔ ن لیگی رہنما احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی حمایت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ احسن اقبال اس فیملی نے سچ کہا۔ آپ چور نہیں ڈاکو ہو۔ شہباز شریف بھی چور غیر آئینی وزیراعلیٰ حمزہ بھی چور ہے۔ یہ چور ڈاکو برسوں سے ملک کا خون چوس رہے ہیں امریکی سازش کے تحت مقامی میر جعفر اور میر صادق نے ہماری حکومت گرائی۔ سابق وزیراعظم نے بعد میں بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ مزید برآں عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کے لیے خاص پیغام دینا چاہتا ہوں، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے، ملک پر بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آ کر اپنی چوری بچانے کے لیے 11 سو ارب کا ڈاکہ مارا۔ عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا اور معیشت تباہ کردی، سب نوجوانوں کو خود بھی نکلنا ہے اور عام عوام کو بھی نکالنا ہے، یہ چور صرف ایک طرح الیکشن جیت سکتے ہیں اور وہ دھاندلی ہے۔ ہمیں مل کر دھاندلی کو شکست دینی ہے اور ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ بارشوں نے ایک مرتبہ پھر سندھ میں زرداری اور خاندان کے 14سالہ کرپٹ دور ِاقتدار کی حقیقت بے نقاب کردی ہے۔ کرپشن کیسے گورننس کو تباہ کرتی ہے، یہ اسکی مثال ہے۔ کراچی کو دیا جانے والا پیسہ جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہوا یا دبئی کی جائیدادوں میں لگا دیا گیا۔ شر کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ اب لازم ہے۔ مظفر گڑھ سے آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی پولیس اور انتظامیہ کوئی بھی ہتھکنڈا استعمال کرکے دیکھ لیں حکمران شکست کھائیں گے، اگلے پیر کو آپ کا احتساب شروع ہو جائے گا، جو چوروں کو جتوانے کی کوشش کر رہا ہے، جو جو حرکتیں کی جا رہی ہیں ڈائری میں اس کو لکھ رہا ہوں، جس جس نے قانون توڑا اس بار کڑا احتساب ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیسہ، پولیس اور جو مرضی کر لیں جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، پنجاب کے 20 حلقوں میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ ککڑی کو وزیراعلی پنجاب بنا دیا گیا، حمزہ ککڑی نے آ کر مرغی اور انڈوں کی قیمت بڑھا دی۔ عمران خان نے کہا کہ ایک طرف یہ سب چور ہیں اور دوسری طرف پاکستان کی عوام ہیں، چوروں اور امریکی غلاموں کو 17 جولائی کو تاریخی شکست دینی ہے، چوروں اور امریکی غلاموں کو شکست دے کر ان کی سیاسی قبر کھو دیں گے۔ اس سے قبل لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ جن کے پاس طاقت تھی وہ کرپشن کو بری چیز نہیں سمجھتے تھے، کون سی طاقت تھی اس ملک میں جو کرپٹ لوگوں کو سزا دینے سے روکتی تھی۔ ملک پر دو ڈاکو آئے ہیں، ایک زرداری اور دوسرا شریف خاندان ہے، موجودہ حکومت نے آتے ہی 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کروائے، اس سے بڑا ڈاکا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں پڑا، نیب قوانین ترمیم کر کے اپنے مقدمات ختم کروا دیئے گئے، احسن اقبال برگر کھانے گیا تو چور چور کے نعرے لگائے، ارسطو کہتا ہے عمران خان نے لوگوں کو بدتمیزی سکھا دی، جھوٹے ارسطو! یہ بدتمیزی نہیں حقیقت ہے تم چور ہو۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ میں طوفانی بارشوں نے پیپلز پارٹی حکومت کی قلعی کھول دی۔ سندھ کے عوام پانی میں اور زرداری خاندان کی کرپشن کے سمندر میں غوطے کھا رہا ہے۔ مزید برآں سابق وزیراعظم عمران خان نے پی پی 282 لیہ میں بھی انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا اس طرح کی آزادی پاکستان کو نہیں ملی جو ملنی چاہئے تھی غلامی تب ہوتی ہے جب ملک اپنے لوگوں کیلئے بہتر فیصلے نہیں کرتے کوئی ملک عوام کی بہتری کیلئے فیصلے نہ کر سکے تو اس کا مطلب ہے حکمران غلام ہیں۔ پاکستان کے حکمرانوں نے امریکی جنگ میں شرکت اپنے عوام نہیں امریکیوں کی بہتری کیلئے کی اس جنگ سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ قبائلی علاقہ تباہ ہوا۔ مستقبل نوجوانوں کا ہے جن کی جنگ ہم لڑ رہے تھے۔ امریکہ کی جنگ میں 80 ہزار پاکستانی قربان ہوئے کبھی کسی نے نہیں پوچھا کہ ہمارا امریکہ کی جنگ سے کیا لینا دینا تھا۔ امریکی نے مجھ سے انٹرویو کیا اور پوچھا کیا آپ اڈے دیں گے میں نے جواب دیا ایبسولیوٹلی ناٹ۔ امریکہ کو ایسے حکمران چاہئیں جو اس کے حکم پر دم ہلا سکیں سب سے زیادہ ترقی ہمارے دور میں ہوئی۔ میرا روس کا دورہ امریکیوں کو پسند نہیں آیا روس سے واپس آیا تو یہاں سازش تیار تھی میں جب روس گیا تو وہاں گیس اور گندم کی بات کی انہوں نے امریکہ کے ساتھ ملکر سازش کی شریف اور زرداری پیسے کے غلام ہیں کبھی قوم کیلئے کھڑے نہیں ہو سکتے۔ پہلے سازش ہوئی اور اس کے بعد مداخلت ہوئی ہماری حکومت گرائی آپ واقعی خادم اعلیٰ ہو تو آج تیل کو واپس 150 روپے لٹر پر لے آؤ دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی تھیں ہم نے لوگوں کو مہنگائی سے بچایا شہباز شریف بتاؤ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ہمارے دور سے کم ہو گئیں۔ ہم نے مہنگائی کو روک رکھا تھا ہمارے دور میں پاکستان سب سے سستا ملک تھا۔ ہم نے صرف قیمتیں ہی نیچے نہیں رکھیں بلکہ ساتھ ہیلتھ کارڈ بھی دیا انہوں نے ہماری اوپر جاتی معیشت کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہ کرے یہ لوگ ملک کو سری لنکا کی طرف لے جا رہے ہیں۔ سری لنکا کے عوام نے صدارتی محل پر حملہ کر دیا سری لنکن صدر نے باہر جانے کی کوشش کی تو ائر پورٹ پر روک لیا گیا۔ میر جعفر میر صادق نے امریکہ سے مل کر سازش کی ہمارے احساس پروگرام کو ساری دنیا میں تسلیم کیا گیا۔ خادم اعلیٰ صاحب پٹرول کو 150 اور ڈیزال کو 140 روپے لٹر تک لے کر آنا ہے بزدل احسن اقبال نے ایجنسی سے دباؤ ڈال کر فیملی سے معافی منگوائی احسن اقبال میں کہتا ہوں تم چور، شہباز شریف، نواز شریف ، زرداری ڈاکو ہیں عمران خان کا کہنا تھا سترہ جولائی کو بڑی تبدیلی آنے والی ہے ہم نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی جن کے پاس طاقت ہے ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں یہ پرامن لوگ کھڑے ہیں یہ نقصان پہنچانے نہیں ملک بچانے نکلے ہیں۔ صاف و شفاف الیکشن نہ ہونے دیتے تو کوئی شک نہیں ملک سری لنکا کی طرف جائے گا آپ کو ہر پولنگ سٹیشن پر 10 دلیر جوان کھڑے کرنے ہیں یہ چور سوائے دھاندلی کے نہیں جیت سکتے یہ دھاندلہ کریں گے۔
ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو عوام پھینٹی لگا ئیں گے: عمران
Jul 13, 2022