اگلے الیکشن میں گجرات سے ایم پی اے کا فیصلہ مونس کریں گے: شجاعت


لاہور+گجرات (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عید پر جانوروں کی قربانی کے ساتھ ساتھ سب مل کر اپنی انا کی قربانی بھی دیں تب جا کر معاملات میں بہتری آئے گی۔ آج کل بہت سے بیانات آ رہے ہیں ان میں سے کافی باتوں میں تکبر کی بو آتی ہے، تکبر اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ہے۔ چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے سینئر صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پارٹی معاملات پر گفتگو کی گئی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک فوج ملک کی محافظ ہے۔ اس کو پتا ہے ملک کو کیسے سنبھالنا ہے، کشمیر کے حوالے سے ہمارا موقف برقرار ہے۔ خطے میں امن کیلئے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات میں ہر کسی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، سیاست میں نظریاتی اختلاف ضرور ہو سکتا ہے اس کو ذاتی دشمنی میں نہیں بدلنا چاہئے۔ تمام پارٹیوں کو اپنے اختلافات بھول کر مہنگائی کے خلاف اپنی اپنی تجاویز دینی چاہئیں۔ اگلے الیکشن میں گجرات شہر سے ایم پی اے کی ٹکٹ کا فیصلہ مونس الٰہی کریں کیونکہ وہ اس حلقے کے ایم این اے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین ہمارے بڑے ہیں خاندان کے فیصلے وہی کرتے ہیں۔ آئندہ کچھ سالوں میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔ نئے چہرے سیاست کے میدان میں آئیں گے۔ ن لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام پر مہنگائی مسلط کر دی گئی ہے۔ قوم ان نا اہل حکمرانوں سے تنگ آ چکی ہے، پٹرول، گیس سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں اتنی بڑھا دی گئی ہیں کہ غریب آدمی کا گزارہ کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شریف برادران نے ہمیں کئی بار دھوکا دیا ان پر اعتبار  نہیں کیا جا سکتا، شریف خاندان نے عمران خان کو گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ آئندہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کر کے لڑیں گے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان ملکی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان کے ساتھ ہمارا اتحاد برقرار رہے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کر چلنے کا وعدہ کیا تھا یہ وعدہ نبھائیں گے، انشاء اللہ ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل ہو گی۔ مونس الٰہی نے کہا کہ مجھے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے سیاست میں آنے سے پہلے ایک ہی بات سمجھائی تھی کہ شریف خاندان پر اعتماد نہیں کرنا، یہ پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ن لیگ کی حکومت آخری ہچکولے کھا رہی ہے، اب یہ زیادہ دن نہیں ٹھہر سکتے۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی  ہمیں  قربانی کا درس دیتی ہے۔ ملک کے حالات بھی قوم سے قربانی کے متقاضی ہیں۔ ہمیشہ  چودھری شجاعت حسین کیلئے دعاگو ہوں۔ چودھری شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے‘ انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا۔ ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔ قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دینا ہوگا۔ ضمنی انتخابات کے ہر حلقے کا سروے لوٹوں کے خلاف ہے۔ سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست فاش ہوگی۔ ’’تجربہ کاروں‘‘ کی نالائقیاں ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔ ادھر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سابق ایم این اے چودھری نذیر احمد جٹ اور ان کی صاحبزادی عارفہ نذیرجٹ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری حفیظ ہیئر، ڈاکٹر سرفراز احمد وڑائچ، چودھری صباحت الٰہی اور رانا خالد بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لوگوں کو تکلیف دینا ن لیگ کا پسندیدہ مشغلہ ہے، ان کو پتہ ہونا چاہئے کہ چار ماہ کے دوران انہوں نے عوام کو ریلیف نہیں صرف تکلیف دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن