وزیر اعظم نے تیل سستا کرنے کی سمری طلب کر لی 



اسلام آباد (نمائدہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیاہے۔ وزیراعظم کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے  عوام کو بڑی خوشخبری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر اطلاعات، وزیر اعلیٰ پنجاب، اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا۔  وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی ان کا حق ہے۔ عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں۔ سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔ اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو ان شاء اللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔ دریں اثناء  اٹھارہ ہزاری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ دو دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جب تک آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)  وزارت پیٹرولیم کے ذریعہ سمری نہیں بھجواتی ہم سمری وزیراعظم کو نہیں بھجوا سکتے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بہت ضروری ہوا تو  آج شام تک موصول ہونے والی سمری وزیر اعظم کو بھیجی جائے گی، عام حالات میں ہر ماہ 14 تاریخ کو  قیمتوں میں رد و بدل کی سمری وزارت پیٹرولیم سے موصول ہوتی ہے۔ ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزارت پیٹرولیم کی سمری اوگرا کی سفارشات پر مبنی ہوتی ہے۔ دوسری طرف عالمی منڈی میں خام تیل سمیت پٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 12 سے 14 روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔ پٹرولیم لیوی نہ بڑھے تو 16 جولائی سے قیمت میں کمی ہو سکتی ہے۔ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے بعد ایک بار پھر 6 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 25 سے 30 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوران ٹریڈنگ برینٹ 100 اور ڈبلیو ٹی آئی 97 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ہے۔ عالمی مارکیٹ میں  امریکی کروڈ آئل کی قیمت دو اعشاریہ پانچ سات فیصد کم ہونے کے بعد ایک سو ایک اعشاریہ چار ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں بھی دو اعشاریہ دو سات فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت ایک سو چار اعشاریہ سات ڈالر ہو گئی۔ جبکہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق آج پٹرولیم ڈویژن کی سمری آئے گی۔ آج ہی سمری وزیراعظم کو بھجوا کر ان کی ہدایت کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج بھی ہو سکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں تین ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 99.10 ڈالر فی بیرل  رہی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 95.56 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف  نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی۔ دونوں قائدین نے ایک دوسرے کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات 14 جولائی سے ملک میں مون سون کی مزید بارشوں پر وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔  وزیراعظم نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں عوام کے تحفظ کے اقدامات کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے وفاق کی طرف سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرنے پر این ڈی ایم اے کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد، تعاون، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت اورکامیابی ہے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ افسران اور عملے کے لئے اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، اللہ تعالی کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے۔ عید کی تعطیلات میں  شہری انتظامات کے ذمہ دار تمام اداروں کو خراج تحسین  پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح  اور انڈونیشیا  کے صدر جوکو ودودو سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ وزیراعظم نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر کویت کی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ کویتی وزیراعظم نے  پرمسرت موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کویت  میں پاکستانی کمیونٹی کی اچھی دیکھ بھال کرنے پر کویت کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم نے انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ ٹیلیفون  پر بات چیت  کی۔ دونوں نے  ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد  دی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا  کہ پاک انڈونیشیا  دیرینہ تعلقات کی بنیاد مشترکہ عقیدے، عالمی اور علاقائی ایشوز  پر مشترکہ موقف اور باہمی  مفاہمت پر مبنی ہیں۔ صدر جوکو ودودو اور وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک میں تمام سطحوں پر زیادہ روابط پر زور دیا۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی اور انڈونیشیا کے صدر نے وزیراعظم کو ان کے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیر اعظم نے  پام آئل  جلد فراہم کرنے پر صدر ودودو کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان  بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا، بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی مبارک باد دی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔  وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر سے پاک ایران تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ مشترکہ اقتصادی کمیشن اجلاس جلد بلانے سے پاک ایران اقتصادی روابط مضبوط ہوں گے۔  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرحدی علاقے میں روزی روٹی کی آسانی کیلئے بارڈر پر مارکیٹیں جلد فعال ہو جائیں گی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں طیارہ دینے پر ایرانی قیادت کا شکریہ  بھی ادا کیا۔ شہباز شریف نے زائرین کے دورے میں سہولت دینے کیلئے بھی ایران کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے عوام سے عوام کے تبادلے  مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور جموں و کشمیر تنازع پر ایران بالخصوص سپریم لیڈر کی مستقل حمایت کو سراہا۔ دوسری جانب ایران کے صدر رئیسی نے عید کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ صدر رئیسی نے دو طرفہ تجارت مزید بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ایران کے صدر نے بالخصوص مکران ڈویژن کو بجلی فراہمی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر نے ایک دوسرے کو دورے کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آبادی پر کنٹرول اور قومی ترقی کی شرح میں اضافے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ عالمی یوم آبادی پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی بڑھتی رفتار پر قابو پانا دنیا بالخصوص ترقی پذیر ممالک کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، وسائل اور حقوق کی فراہمی اور آبادی کے اضافے میں ایک توازن پیدا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال عالمی دن پر "8 ارب آبادی کی دنیا، ایسا مستقبل جس میں سب کے لئے وسائل، مواقع اور حقوق کی فراہمی یقینی ہو" کا موضوع نہایت جامع ہے۔ آبادی پر کنٹرول کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت آبادی پر کنٹرول اور قومی ترقی کی شرح میں اضافے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ ان دونوں اہداف کے حصول کے بغیر مجموعی قومی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔  دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ ٹویٹ میں وزیرعظم شہباز شریف نے کہا کہ میرا ٹیلفیون پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے رابطہ ہوا ہے ، مجھے یقین ہے کہ وزیراعلی سندھ کی قیادت میں سندھ حکومت جلد کراچی میں زندگی کو معمول پر لے آئے گی۔ اس حوالے سے وفاق کی ہر ممکن معاونت دستیاب ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان رابطہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حج کی ادائیگی پر مولانا فضل الرحمن کو مبارکباد دی جبکہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم شہبازشریف کو عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کی عبادتیں قبول فرمائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عیدالاضحی ہمیں حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ عید قرباں قربانی کا درس دیتی ہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن  نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان‘ بھائی چارے‘ باہمی اتحاد کی مثال قائم کرنے کی ضرورت ہے۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے سعودی عوام کیلئے  بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے کامیاب حج آپریشن اور پاکستانی حاجیوں کی بھرپور دیکھ بھال پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات مضبوط سے مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ دو طرفہ جاری اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں مختلف شعبوں، تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...