حضرو+کامرہ کینٹ (نامہ نگاران )سابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اٹک دفتر یا گھر بیٹھے بیان جاری کرنے کی بجائے باہر نکل کر متاثرین سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگوائیں اور ان کے زخموں پر نمک پاشی کی بجائے مرہم رکھیں، جتیال ، کامرہ اور مرزا گائوں کے متاثرین سیلاب کے ساتھ کھڑا ہوں ، لوگوں کا لاکھوں کا نقصان ہوگیا اورحیران ہوں ضلعی انتظامیہ یہ کیسے کہہ رہی ہے کہ نقصان نہیں ہوا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرزا گاؤں میں سیلاب سے متاثرہ گھروں کے دورے اورعلاقہ مکینوں و متاثرین سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال اور نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی ون ملک شمشیر اسلم خان بھی موجود تھے ، ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ ہر فورم پر متاثرین سیلاب کی آواز بنوں گا، انہوں نے کہا کہ 2004 میں مرزا گاؤں کا یہ نالہ بطور وزیر مملکت میں نے منظور کروایا تھا اور اس نالے پر 70 فیصد کام ہمارے دور میں مکمل ہوچکا تھا مگر بدقسمتی سے ہماری حکومت جانے کے بعد ن لیگ کے دور حکومت میں مال پانی بنانے کے لیے اس نالے کو ری ڈیزائن کیا گیا جس کا خمیازہ آج غریب لوگ بھگت رہے ہیں ۔