نئی دہلی(این این آئی)بھارت میںکانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے چین کے معاملے پر ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ وہ چین سے ڈرتے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر اعظم مودی چین سے ڈرتے ہیں اور اس کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بولتے۔انہوں نے کہا کہ مودی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور وہ چین کا نام لینے سے بھی ڈرتے ہیں۔ یہ ملک کے لیے بہت خطرناک ہے۔ راہول گاندھی نے اپنی پوسٹ میں وزیراعظم مودی پر ملک کی سلامتی سے کھلواڑ کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔کانگریس رہنما نے کہا کہ چین کی بڑھتی ہوئی دراندازی پر پی ایم مودی کی خاموشی ملک کے لیے بہت نقصان دہ ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی کو صرف اپنی شبیہ کی فکر ہے۔ اس لیے وہ عوام سے حقیقت چھپاتے ہیں۔ کانگریس رہنما نے مودی پر فوج کے حوصلے پست کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین نے بھارتی سرحد کے قریب ہوتان اور گار گنسا جیسے بڑے ہوائی اڈوں پر کئی مقامات پر بڑی تعداد میں لڑاکا طیارے اور بغیر پائلٹ کے طیارے تعینات کیے ہیں۔ گزشتہ دو سال کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور راہل گاندھی انہیں مسائل پر مودی حکومت سے سوال پوچھ رہے ہیں۔
راہول گاندھی
مودی چین سے ڈرتے ہیں اس لئے کچھ نہیں بولتے: راہول گاندھی
Jul 13, 2022