راکٹ حملہ 15 یوکرائنی شہری ہلاک ایران روس کو ڈرونز دینے کا منصوبہ بنا رہا ۔امریکی حکام

Jul 13, 2022

کیف+ واشنگٹن (آئی این پی+ بی بی سی) روسی فوج نے یوکرین کے صوبے ڈونیسٹک میں رہائشی عمارت پر حملہ کر کے 15 افراد ہلاک اور کئی زخمی کر دیئے۔ دوسری جانب یوکرین کیخلاف جنگی کارروائیاں جاری ہیں‘ روس نے 24 گھنٹوں کے دوران 34 فضائی حملے کئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پانچ منزلہ اپارٹمنٹ پر راکٹ حملے کے بعد کئی افراد کے تاحال ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ ڈونیسٹک میں امریکی ساختہ اسلحہ کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرائن کے صدر زیلنسکی بولے ڈونیسٹک میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنانا دہشتگردانہ حملہ ہے۔ حملے کے بعد روس کو دہشتگرد ریاست کے طور پر نامزد کیا جانا چاہیے۔ نائب وزیر اعظم  نے کہا کہ روس کے زیرقبضہ علاقے پر یوکرینی فورسز جوابی حملے کی تیاری کر رہی ہیں۔ نہیں چاہتے علاقے میں خواتین اور بچے ہوں جنہیں روس انسانی ڈھال بنانے کی کوشش کرے۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا یوکرائن میں جاری جنگ کے دوران ایران روس کو ممکنہ طور پر سینکڑوں ڈرونز فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جن میں سے کچھ ڈرونز جنگی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلوان نے کہا کہ امریکہ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ایران روسی افواج کو ڈرونز استعمال کرنے کی تریت دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھارت سمیت دیگر 4 ممالک میں موجود اپنے سفیروں کو برطرف کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرائنی صدر کی جانب سے بھارت، جرمنی، ناروے، جمہوریہ چیک اور ہنگری میں مقرر اپنے سفیروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ صدارتی ویب سائٹ پر سفیروں کو ہٹانے کے حوالے سے کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ تاہم ان سفیروں کو ہٹانے سے متعلق اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ یہ سفارتی مشق کا ایک عام حصہ ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا سفیروں کو نئے عہدے تفویض کیے جائیں گے۔ ولادیمپیر زیلنسکی نے اپنے سفارت کاروں پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے لیے بین الاقوامی حمایت اور فوجی امداد حاصل کریں۔ 

یوکرائن

مزیدخبریں