جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) مسجد کی تعمیر کے تنازعہ پر فائرنگ سے دو نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ مقتولین عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے کہ مخالفین نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر میں درج مقدمہ نمبر 650/22بجرم 302ت پ و دیگر دفعات کے مدعی آصف علی ولد ارشد علی ساکن 93گ ب میں اپنے موقف میں کہا کہ وہ ہمراہ اپنے برادر راشد علی اور سردار علی ساکنان 97گ ب شاہد فاروق سے عید ملنے کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے کہ الزام علیہان اشرف، آصف، شاہد نے اپنے ساتھیوں افضال، جنید ، جمیل کے ہمراہ ہم پر جان لیوا سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس سے قاری شاہد فاروق، راشد علی، سر و کمر میں فائر لگنے سے شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ملزم نعشوں کو ٹھڈے بھی مارتے رہے اور ہوائی فائرنگ کر کے خوف و ہراس بھی پھیلاتے رہے۔ وجہ عناد 3سال قبل مسجد کی تعمیرکا تنازعہ تھا۔ مقتولین کے نمازجنازہ میں کثیر افراد نے شرکت کی۔ دونوں مقتولین کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ چیف آرگنائزر مرکزی جمعیت اہلحدیث چیئرمین قرآن سنہ پاکستان علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے عید کے روز جڑانوالہ کے نواحی گائوں 97کنگاں میں مذہبی رنجش کی بناء پر قتل ہونے والے دو افراد کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مقامی پولیس کو 48گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔ انہوں نے کہا قاتل گرفتار نہ ہوئے تو بھرپور احتجاج کریں گے۔ کسی بھی شخص کا ناحق قتل انسانیت کا قتل ہے۔ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آر پی او فیصل آباد نے ملزموں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عید کے روز تھانہ صدر کے نواح گائوں 97گ ب میں مذہبی تنازعہ پر دو افراد قاری شاہد فاروق اوران کے دوست راشد ڈوگر قتل ہو گئے تھے۔ علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے جڑانوالہ میں مسجد ابو بکر جمعیت اہلحدیث کینال روڈ پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنمائوں چوہدری حبیب اللہ عطار، علامہ سکندر حیات ذکی، عبدالقدیر بھٹی، عبدالحفیظ انجم دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ناحق قتل ہونے والے دونوں افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور موقع پر موجود ایس ایس پی انسویسٹی گیشن محمد اجمل، ایس پی ارتضیٰ کمیل کو ملزمان اشرف، آصف، شاہد، افضال، جنید، جمیل وغیرہ کو 48گھنٹے میں گرفتارکرنے کا الٹی میٹم دیا۔ اور مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی درخواست کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی انسویسٹی گیشن محمد اجمل ، ایس پی ارتضیٰ کمیل نے مدعیان و اہل علاقہ کی موجودگی میں ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کروائی۔ ابتسام الٰہی ظہیر پولیس افسران کے ہمراہ مذکورہ گائوں گئے۔
2 قتل