ابھی بوڑھا نہیں ہوا، ڈراپ کیے جانے کی وجہ معلوم نہیں، عماد وسیم 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر )قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کی وجہ معلوم نہیں ہے۔ایک انٹرویومیںانہوںنے کہا کہ چیف سلیکٹر نے کبھی ڈراپ کرنے کی وجہ نہیں بتائی پوچھنے پر کہا آپ کی موجودگی کے ٹیم پر مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے کبھی فٹنس کو جواز بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں ورلڈکپ کے بعد سے پاکستان کیلیے کوئی میچ نہیں کھیل سکا اس کی وجوہات بھی نہیں جانتا نہ ہی مجھے کوئی کچھ بتاتا ہے اگر کبھی بتایا بھی گیا تو میں اس جواز سے مطمئن نہیں ہوں بہرحال کوئی کچھ بھی کرلے میرے نصیب میں جو بھی ہوا وہ مل کر رہے گا، ہونا تو وہی ہے جو اللہ کو منظور ہے۔آل راؤنڈر نے کہا کہ چیف سلیکٹر نے کبھی مجھے ڈراپ کرنے کی وجہ نہیں بتائی ٹیم کا اعلان ہونے پر میں خود ہی سب سے پوچھتا ہوں مجھے ذرا مختلف طریقے سے ڈیل کیا جا رہا ہے۔عماد کے مطابق ان سے کہا گیا تھا کہ آپ کی موجودگی کے ٹیم پر مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے، میں دنیا بھر میں لیگز کھیل چکا اور پاکستان کا سفیر بن کر جاتا ہوں، کبھی ٹیم تبدیل نہیں کرتا وہ ہر سال مجھے بلاتے اور قدر کرتے ہیں، اس لیے یہ تاثر تو درست نہیں کبھی فٹنس مسائل کی بات کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کیلئے دیانتداری اور افتخار کے ساتھ کھیلا ہوں میری نظر میں عزت سب سے اہم ہے اس طرح کے جواب ملتے ہیں تو کبھی مایوس بھی ہوجاتا ہوں اب تو عجیب سا لگتا ہے۔ایک سوال پر آل راؤنڈر نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بہت کرکٹ کھیل چکے وہ کمنٹیٹر بھی رہے اور ہر کھلاڑی کی مہارت، صلاحیت سے واقف ہیں، میں اس سے زیادہ کیا کہوں مایوسی ہر انسان کو ہوتی ہے۔عماد نے کہا کہ میں انڈر 19 کرکٹ سے جدوجہد کررہا ہوں اور لوگوں کو غلط ثابت کرتا آیا ہوں اب میں ہار ماننے والوں میں سے نہیں ہوں ابھی بوڑھا نہیں ہوا 33سال کا ہوں کم بیک کرکے مزید 4 یا 5 سال کھیلوں گا۔

ای پیپر دی نیشن