لاہور(خصوصی نامہ نگار )جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ اہل بیت کی عظمت و حرمت، خلفاء راشدین، امھات المومینین اورصحابہ کرام کا دفاع ہما رے ایمان کی حقیقی اساس ہے،انکی زندگیاں ہما رے لئے مشعل راہ ہیں۔محرم الحرام میں ان کے خلاف تقاریر اور تبرہ بازی ناقابل برداشت ہوگی۔ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے تمام مسالک کو متحد ہونا ہوگا۔ علمائے کرام، دینی مدارس، شعائر اللہ کے تحفظ کیلئے ہر وقت تیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے مرکزی ہیڈ آفس میں قصور، چونیاں، لاہورسے آئے ہوئے جمعیت و اہلحدیث یوتھ فورس کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا شفیق الرحمن ربانی، علامہ اصغر فاروق، مولانا سہیل انجم، حافظ محمد نواز، حافظ محمد حنیف، میاں محمد توقیر حفیظ، عبد الرحمن سلفی، قا ری ظفر اقبال بھی موجود تھے۔ علامہ ہشام الٰہی ظہیر کا کہنا تھا مسلم امہ کو صحابہ کرامؓ ، امھات المومینینؓ کی سیرت و طرز عمل کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزارنا چاہئے۔صحابہ کرامؓ ، اہل بیتؓ، امھات المومینینؓ کی ناموس کی جنگ لڑتے رہیں گے۔