پارہ چنار حملہ ملک دشمن عناصر کی سوچی سمجھی سازش ہے: ناصر عباس جعفری 


لاہور(خصوصی نامہ نگار ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے قریب پارہ چنار پر حملہ ملک دشمن عناصر کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ یہ کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ ریاست اور سکیورٹی ادارے اس جنگ کو بروقت روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ پارہ چنار کے پرامن اور وطن کے وفادار عوام پر جنگ مسلط کرنے والے شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہونگے۔ یہ کوئی فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں ہے بلکہ مذموم مقاصد پر مبنی ملک دشمن دہشت گردوں کی بہیمانہ سازش ہے۔4 روز سے جنگ کی آگ میں سلگتے ہوئے پارہ چنار کے محب وطن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ملک کی تمام امن پسند قوتوں کو اس جنگ کے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ پارہ چنار ایک حساس اور دفاعی حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہے جس کا بدامنی کی لپیٹ میں آنا تشویشناک ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور ان تمام مسائل اور کرداروں کا خاتمہ کرے جن کی وجہ سے جنگ تک نوبت پہنچ گئی ہے۔ ملت جعفریہ پاکستان پورے ملک میں ان حملوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور سخت تشویش میں مبتلا ہے۔

ای پیپر دی نیشن