لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائیکورٹ نے سہولیات فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پر صدیق ٹریڈ سینٹر انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا عندیہ دیدیا، عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ اگر انتظامیہ نے شاپس مالکان کیخلاف تادیبی عمل کیا تو کارروائی ہوگی، آپ انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہ کردیں، وکیل ایل ڈی اے نے موقف اپنایا کہ صدیق ٹریڈ سنٹر کو ابھی تک کمپلیشن لیٹر بھی جاری نہیں کیا گیا،صدیق ٹریڈ سنٹر انتظامیہ کو متعدد نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، عدالت نے ایل ڈی اے وکیل کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت طلب کرلیا،یہ بھی بتایا جائے کہ صدیق ٹریڈ سنٹر انتظامیہ نے کمپلیشن لیٹر کیوں نہیں لیا،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ صدیق ٹریڈ سنٹر انتظامیہ یوٹیلیٹیز کی من مانی قیمتیں لیتی ہے، انکار پر صدیق ٹریڈ سنٹر انتظامیہ یوٹیلیٹیز منقطع کر دیتی ہے، قانون کے مطابق انتظامیہ اضافی چارجز وصول نہیں کرسکتی ہے، عدالت صدیق ٹریڈ سنٹر انتظامیہ کو تادیبی کاروائی سے روکنے کا حکم دے۔