لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں دستیاب طبی سہولتوں میں اضافے اور ان مراکز کا معیار بہتر بنانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے اداروں کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت میں ڈسپلن اور انتظامی امور میں بہتری لانے کیلئے بھی جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امریکہ، ناروے اور ڈنمارک کے سرکاری اداروں نے پنجاب کے صحت عامہ کے شعبہ میں تعاون فراہم کیا ہے جو حکومت پنجاب کی شفافیت اور کاکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔ امریکی ادارہ ٹاسک فورس فار گلوبل ہیلتھ کے تعاون سے ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کی مہم کا پائیلٹ پراجیکٹ جاری ہے جس کی کامیابی کے بعد اس منصوبہ کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا جبکہ ابتدائی طور پر اس منصوبہ کے تحت راولپنڈی کی 11 ہائی رسک یونین کونسلز میں ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ ڈنمارک کے ادارہ کے تعاون سے صوبہ پنجاب کے مخصوص رورل ہیلتھ سنٹرز میں اینٹی بائیوٹک کے غیر ضروری استعمال کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ناروے نے بھی بنیادی مراکز صحت میں سہولیات کے اضافہ کیلئے تعاون فراہم کرنا شروع کیا ہے جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔
ترقی یافتہ ممالک پنجاب میں صحت شعبہ کی بہتری کیلئے تعاون کر رہے ہیں: صوبائی وزیر
Jul 13, 2023