اسلام آباد جنیوا (خصوصی نامہ نگار+نیٹ نیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا اور یورپی یونین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ 28 ممالک نے قرارداد کے حق، 12 نے مخالفت، 7 نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) میں مذہبی منافرت اور تعصب کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تھی جس پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ یہ قرارداد سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے تناظر میں پیش کی گئی تھی۔ امریکا اور یورپی یونین نے قرارداد کو انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے سے متعلق ان کے موقف سے متصادم قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور فن لینڈ سمیت دیگر 6 ممالک نے بھی امریکا اور یورپی یونین کے م¶قف کی تائید میں قرارداد کی مخالفت کی۔ پاکستان کی م¶ثر سفارتی کوششوں کے باعث اسلامی ممالک کے علاوہ بھارت، چین، ارجنٹائن، بولیویا، کیمرون، کیوبا، گیمبیا، آئیوری کوسٹ، جنوبی افریقا، یوکرین اور ویتنام نے حمایت کی۔ جس کی بنیاد پر قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں چلی، جارجیا، ہونڈوراس، میکسیکو، نیپال اور پیراگوئے نے رائے دہی میں حصہ لینے سے گریز کیا۔ سعودی عرب نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھنا¶نے کام کا کوئی جواز قبول نہیں۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری توہین مذہب کے واقعات کے سدباب کے لئے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کرے۔ انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی رواداری کی اقدار کے منافی ہے اور یہ نفرت، تعصب اور نسل پرستی کو ہوا دیتا ہے۔ عالمی برادری اور تنظیموں کو ایسے جارحانہ واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کونسل میں قرارداد منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔ بلاول نے کہا ہے کہ یو این ایچ آر سی میں او آئی سی کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ انسانی حقوق کونسل نے اسلامی اور دیگر عقائد کے اربوں لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ قرار داد عالمی انسانی حقوق کے تحت آزادی اظہار کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ قرارداد مناسب اور مخصوص بین الاقوامی انسانی حقوق کی نمائندگی کرتی ہے۔ مذہبی منافرت روکنے کیلئے پیش قرارداد انسانی حقوق کے مطابق ہے۔
اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پاکستانی قرارداد منظور
Jul 13, 2023