سیلاب کا خدشہ ، آبادیوں کا انخلا جلد از جلد یقینی بنایا جائے : محسن نقوی 

Jul 13, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گزشتہ روز جھنگ میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دریائے چناب کے قریبی دیہات کا 3 گھنٹے تک طویل دورہ کیا۔ کھروڑہ باقر اور دیگر علاقوں میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا، زیر آب دیہات کا معائنہ کیا۔ زیر آب دیہات میں لوگو ں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل پوچھے۔ زیر آب دیہات تک رسائی کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایات دیں اور دریا میں پانی کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے دریا کے بیڈ میں موجود آبادیوں کا انخلاء جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122کو الرٹ کر دیا ہے۔ زیر آب دیہات کا تفصیلی وزٹ کر کے تمام صورتحال کا خود جائزہ لیا ہے۔ امدادی سرگرمیوں اور ریلیف کے کاموں کے حوالے سے انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محسن نقوی کو سیکرٹری آبپاشی اورکمشنر فیصل آباد ڈویژن نے امدادی سرگرمیوں، ریلیف اور میڈیکل سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئے گئے انتظامات اور دریائے چناب میں پانی کی آمد و اخراج کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب کے بیڈ میں موجود 40 دیہات میں پانی آیا ہے اور 48 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے امدادی و میڈیکل کیمپس قائم کر دیئے ہیں۔ دریا کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کا انخلائ‘ ان کے تحفظ کیلئے ضروری ہے۔ محسن نقوی نے جھنگ اور دیگر علاقو ں میں زیر آب دیہات کا فضائی دورہ بھی کیا اور دریائے چناب کے اطراف دیہات کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے زیر آب علاقوں کی صورتحال دیکھ کر فوری ہدایات جاری کیں۔ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد رات گئے گنڈا سنگھ والا بارڈر کے مقام پر دریا اور تلوار پوسٹ کے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فلڈ ریلیف کیمپ میں کئے گئے امدادی انتظامات کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کے دورے کے دوران مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ محسن نقوی ایمرجنسی، بچہ وارڈ، کارڈیک، میڈیکل اور دیگر وارڈز میں مریضوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی فلڈ یونٹ کیلئے مختص بیڈز کو دیگر مریضوں کیلئے استعمال میں لایا جائے۔ دوسری جانب محسن نقوی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شہریو ں کو ریلیف دینے کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ون ونڈو سیل کا وقت صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایڈیشنل ڈی جی ہاﺅسنگ ایل ڈی اے کو ون ونڈو سیل کے تمام آپریشنز کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

مزیدخبریں