سازشی ٹولے کو سیاسی بصیرت سے شکست دی : مریم اورنگزیب 

Jul 13, 2023


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی پشاور سینٹر کی علاقائی نشریات ہفتہ کے 7روز 24 گھنٹے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی وی پشاور سینٹر کی علاقائی نشریات خیبر پی کے کی تمام علاقائی زبانوں میں دستیاب ہے۔ یہ نشریات سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سیٹلائٹ کے ذریعے قابل رسائی ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ اقدام پی ٹی وی نیشنل کے قیام کے بعد خیبر پی کے کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل ہے۔ اس نشریات سے مقامی مسائل کے حل اور خیبر پی کے کی متحرک ثقافت اور ورثہ کو فروغ دینے کے لئے معلومات، تعلیم اور انفوٹینمنٹ کانٹینٹ کے لئے ایک پلیٹ فارم دستیاب ہوگا۔ جبکہ مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کی بحالی کا منصوبہ شروع کیا۔ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ دور میں ریڈیو پاکستان کی نیلامی کی باتیں ہوتی تھیں۔ ریڈیو پاکستان میں سپورٹس سے متعلق ٹرانسمیشن کا آغاز کیا گیا۔ سابق حکومت کے وزیراطلاعات‘ صحافیوں کو تھپڑ مارنے میں مصروف تھے۔ آج موصوف فرما رہے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف سے بات کرتے تو معاہدہ نہ ہوتا۔ ایک طرف جھوٹ اور دوسری طرف ملک کی تعمیر جاری ہے۔ فچ کے مطابق پاکستانی اکانومی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ یہ روز کہتے تھے ملک سری لنکا بن جائے گا۔ اللہ سے دعا ہے آئی ایم ایف معاہدہ ہو جائے۔ انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستان میں بہتری آئی ہے۔ سازشی ٹولے کو سیاسی بصیرت کے ساتھ شکست دی۔
مریم اورنگزیب

مزیدخبریں