راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل میں ادبی وثقافتی تنظیم حرف وآواز کے تعاون سے بزم اردو بریڈ فورڈ کے بانی اور متعدد شعری مجموعوں کے خالق حضرت شاہ کی یاد میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہو تقریب میں ممتاز اہل قلم اور شاہ صاحب کے قریبی احباب نے ان کی برطانیہ میں طویل اردو ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کا آغاز ڈاکٹر فرحت عباس کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ممتاز شاعر حلیم قریشی نے مرحوم کے ساتھ گزری اپنی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوکہا کہ وہ ایک درویش صفت انسان تھے انھوں نیوطن سے دور ہوتے ہوئے بھی اپنی زبان اور ثقافت کو زندہ کیے رکھا۔ڈاکٹر نثار ترابی نے ان سے جڑی اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اردو ادب کی خدمت کے لیے خود کو وقف کررکھا اور بزم اردو کے پلیٹ فارم سے قومی زبان کے فروغ میں اپنے حصے کی شمع جلائی رکھی۔
ڈائریکٹر وقار احمد،ڈاکٹر آغا شجاع،سلیم اختر اور جمال زیدی نے بھی دیار غیر میں ان کی ادبی خدمات کو سراہا۔تقریب کی نظامت جنیدآذر نے کی انھوں نے کہا کہ حضرت شاہ نے برطانیہ سے ریڈیو رمضان کے ذریعے بطور میزبان اردو میں تسلسل سے پروگرام کرکے اردو ادب کی خدمت جاری رکھی۔افسانہ نگار حمید قیصر نے قرارداد پیش کی کہ ادبی خدمات پر حکومت پاکستان بعداز مرگ حضرت شاہ کے لیے قومی اعزاز کا اعلان کرے۔تقریب کے شرکا نے اس قرارداد کی تایید کی۔تقریب کے آخر میں مرحوم کی مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
پنجاب آرٹس کونسل میں بزم اردو بریڈ فورڈ کے بانی حضرت شاہ کی یاد میں تقریب
Jul 13, 2023