اسلام آباد(نا مہ نگار)اسرائیل کی طرف سے عمران خان کی حمایت پر ترجمان استحکامِ پاکستان پارٹی فیاض الحسن چوہان نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل کی پی ٹی آئی چئیرمین کی حمایت سوالیہ نشان ہے ۔فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھانے والا اسرائیل کس منہ سے پاکستان پر تنقید کررہا ہے ۔ اسرائیلی حمایت سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں ڈیڑھ سال سے جاری فساد فی الارض عالمی سازش تھی ۔ فیاض الحسن چوہا ن نے کہا کہ پی ٹی آئی تحریک کی اسرائیلی حمایت فساد فی الارض کی ناکامی کا صدمہ ظاہر کرتی ہے یہودی کانگریس ممبران اور اسرائیل کی پی ٹی آئی تحریک میں دلچسپی عوام کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے ۔کیا فلسطینی بچوں بوڑھوں اور خواتین کے انسانی حقوق نہیں ہیں ؟؟ ۔ حقیقی آزادی کی جنگ کے نام پر اسرائیل اور یہودی لابی کے مقاصد کو پورا کیا جا رہا تھا ۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چئیرمین پاکستان کا لارنس آف عریبیہ ہے ۔پاکستانی لارنس آف عریبیہ پاکستان میں افراتفری اور فساد فی الارض برپا کرنا چاہتا ہے ۔پاکستانی لارنس آف عریبیہ یہ سب مقاصد اسرائیلی لابی کے ذریعے سے حاصل کر رہا تھا ۔ ناکامی کی صورت میں اسرائیل کی چیخیں اقوامِ متحدہ کے فورم پر سنائی دے رہی ہیں ۔