انٹر کالجیٹ فٹبال ٹورنامنٹ کے آفیشلز 5 ماہ گزرنے کے باوجود معاوضوں سے محروم 

Jul 13, 2023


اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ فٹبال ٹو رنامنٹ 2022-23کے آفیشلز پانچ ماہ گزرنے کے باوجود معاوضے سے محروم ہیں، ڈائر یکٹر رجسٹریشن فیڈرل بورڈ کو عرصہ دراز سے ڈائر یکٹر سپورٹس کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے جبکہ وہ سپورٹس سے قطعی لاعلم ہیں ، دوسری جانب وفاقی تعلیمی بورڈ انتظامیہ کی جانب سے کیڈٹ کالج کو ہاٹ کی فٹبال ٹیم و آفیشلز کواسلام آباد مدعو کر کے ایک میچ کھلانے پر سرکاری خزانے سے لاکھوں اڑائے جانے کا انکشاف بھی ہوا ہے، وفاقی تعلیمی بورڈ ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج کو ہاٹ کی فٹبال ٹیم آفیشلز کے ہمراہ اسلام آباد آئی، یہ ٹیم آفیشلز سمیت بیس سے بائیس اراکین پر مشتمل تھی، کیڈٹ کالج کو ہاٹ کی ٹیم کا وفاقی تعلیمی بورڈ سے دو ستانہ میچ کروا یا گیا، یہ میچ کیڈٹ کالج دو صفر سے ہار گیا مگر پھر بھی تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو میڈلز پہنائے گئے، ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج کی ٹیم کا کوئی میچ شیڈولڈ نہیں تھا مگر پھر بھی اسے بلا کر رہائش، کھانا پینا، ٹرانسپورٹیشن، تفریحی مقامات کی سیر پر پندرہ سے بیس لاکھ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے خرچ کئے گئے، ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے ، اس کی وجہ معلوم کی گئی تو پتہ چلا کہ چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ کے صاحبزادے کیڈٹ کالج کو ہاٹ کے طالبعلم ہیں ، ان کی خواہش پر مذکورہ تعلیمی ادارے کی ٹیم کو مدعو کیا گیا ، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹر کالجیٹ فٹبال ٹو رنامنٹ میں شمولیت کے لئے ہر ٹیم سے ہزار روپے لئے جاتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق جنوری 2023میں منعقدہ انٹر کالجیٹ ٹو رنامنٹ کی تا حال پے منٹ آفیشلز کو نہیں کی جا سکی ہے، کو چز، ریفری، میچ ریفری، لائن مین، گراﺅنڈ مین تمام افراد کو تا حال تعلیمی بورڈ کے چکر لگوائے جا رہے ہیں ، آفیشلز کا کہنا ہے کہ جب بھی وفاقی تعلیمی بورڈ سے رابطہ کیا جاتا ہے تو جواب نہیں دیا جاتا یا پھر بہانے بنا کر آئندہ ہفتے پر ڈال دیا جاتا ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ گراﺅنڈ مین کی فیس 500 روپے جبکہ دیگر آفیشلز کی فی میچ فیس 700روپے بنتی ہے، اس ٹو رنامنٹ میں تعلیمی بو رڈ سے الحاق شدہ 42ٹیموں نے حصہ لیا تھا، تاہم وفاقی تعلیمی بورڈ کے حکام نے کو بتایا کہ انٹر کالجیٹ فٹ بال ٹو رنامنٹ 2022-23 کی پے منٹس(ادائیگیاں) شروع کر دی گئی ہیں، ماضی میں بھی یہ ادائیگیاں کبھی نہیں روکی گئیں ہاں تاخیر کا شکار ضرور ہوئی ہیں، حکام نے وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے کیڈٹ کالج کو ہاٹ کو مدعو کر کے سرکاری خزانے سے لاکھوں خرچ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تا حال ابھی تک اس کی کوئی انکوائری نہیں کی گئی، ڈائر یکٹر رجسٹریشن کو ڈائر یکٹر سپورٹس کا اضافی چارج دیا گیا ہے، وزارت تعلیم کی جانب سے ڈائر یکٹر سپورٹس کی تعیناتی کی ہدایت ہو گی تو مستقل ڈائر یکٹر سپورٹس تعینات کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں