لاہور(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البنیز اور برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کے درمیان ملاقات نیٹو سمٹ کے دوران لیتھونیا میں ہوئی جس میں خوشگوار انداز میں کرکٹ پر گفتگو کی اور ایک دوسرے کو کارڈز بھی دیئے ۔آسٹریلوی وزیراعظم نے پہلے کارڈ پیش کیا جس پر آسٹریلیا کی ایشز سیریز میں دو ایک کی برتری لکھا ہوا تھا۔بعدازاں برطانیہ کے وزیراعظم نے ٹیم کے کھلاڑی مارک ووڈ اور کرس ووکس کی تیسرا ٹیسٹ جیتنے کے جشن منانے والی تصویر پیش کی۔وزیراعظم انتھونی البنیز نے جانی بیئرسٹو کے متنازعہ آؤٹ کی تصویر بھی دی۔اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔انتھونی البنیز نے گراؤنڈ پر کریز کا نشان لگانے کا انداز اپناتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے تھوڑا سا زیادہ متحرک ہوں۔برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ معذرت میں اپنے ساتھ سینڈپیپر نہیں لایا۔ برطانوی وزیر اعظم نے آسٹریلیا کے 2018 ء کے بال ٹیمپرنگ کیس کے حوالے سے بات کی۔جونی بیئرسٹو کے متنازعہ آؤٹ پر بھی دونوں وزرائے اعظم نے اپنی اپنی ٹیم کی حمایت کی۔