لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان اور سری لنکا میں اس سال ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ، جو 50 اوور کے فارمیٹ کی پیروی کرے گا، اس سال 31 اگست سے 17 ستمبر تک چلنا ہے اور اس ہفتے جمعہ کو باضابطہ شیڈول جاری ہونے کی امید ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کیلئے ایک ہائبرڈ ماڈل اپنایا ہے، جس کے پہلے 4 میچ پاکستان میں ہوں گے، اس کے بعد بقیہ 9 میچ سری لنکا میں ہوں گے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی متوقع میچ دمبولا، سری لنکا میں ہوگا۔ پاکستان کا واحد ہوم میچ نیپال کیخلاف ہو گا اور لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان میں دیگر تین میچوں میں افغانستان اور بنگلہ دیش، بنگلہ دیش اور سری لنکا اور سری لنکا افغانستان کیخلاف کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ ملاقات جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس کے چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہوئی۔ انڈین پریمیئر لیگ کے موجودہ چیئرمین ارون دھومل نے کہا، "ہمارے سیکرٹری نے پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات کی اور ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی جیسا کہ پہلے بات چیت کی گئی تھی۔ٹورنامنٹ میں پاکستان میں لیگ مرحلے کے چار میچز شامل ہوں گے، جس کے بعد نو میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
کرکٹ حکام نے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی
Jul 13, 2023