فیصل آباد،جڑانوالہ (نمائندہ خصوصی،نمائندہ نوائے وقت) نواحی علاقہ میں گھریلو جھگڑے کے دوران نوجوان نے اپنے دو سگے بھائیوں کو قتل اور دادی کو زخمی کر دیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ چھوٹا رسول پورہ میں گھریلو جھگڑے کے دوران علی حیدر نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے بڑے بھائیوں بائیس سالہ زوہیب رستم اور پچیس سالہ سہیل رستم کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ملزم کی دادی ستر سالہ محمد بی بی شدید زخمی ہو گئی۔ ملزم علی حیدر دوہرے قتل کی واردات کے بعد فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سرکل ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور انچارج انویسٹی گیشن آفیسر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ سی پی او فیصل آباد عثمان اکرم گوندل نے دوہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔