ریاست مخالفین کا ایسا عبرتناک انجام کریں گے‘ دنیا یاد رکھے گی: جاوید لطیف

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ بھارت اور اسرائیل سے ہو رہی تھی جس کے مقاصد9  اور10 مئی کو حاصل کر لیے گئے۔ ریاست کے مخالفین کا ایسا عبرتناک انجام کریں گے دنیا یاد رکھے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو بیرون ملک سے اربوں روپے کی فنڈنگ ہوئی۔9  اور10 مئی کو پی ٹی آئی نے ملک دشمنی کا کھلا ثبوت دیا۔  وہ کھیل کھیلا گیا جو پاکستان کے مفادات کے خلاف تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت سے اس شخص کو فنڈنگ ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے تھی۔ ریاست کے خلاف سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس 11 سال سے آج تک فیصلے سے بچا ہوا ہے۔ اگر اس کیس کا نتیجہ سامنے آنے دیا جاتا تو قوم کو پتہ چل جاتا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ آج اسرائیل 9  اور10 مئی کے مرکزی ملزم کو بچانے کی بات کرتا ہے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اگر فارن فنڈنگ کیس کا نتیجہ سامنے آتا تو ہمیں قوم کو بتانے میں آسانی ہوتی، آج کچھ ادارے جان بوجھ کر خود کو دبائو میں محسوس کروا رہے ہیں۔ آنے والے چیف جسٹس کے خلاف حکومت وقت نے اپیل واپس لے لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن