اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے دوران سفر کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہمراہ رکھنے کے خلاف درخواست کو غیر موثر ہونے کی بنیاد پر نمٹا دیا۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا ہے پوری دنیا میں کرونا پھیلا ہوا تھا، کرونا کی ویکسینیشن پوری دنیا میں ویکسین لگائی جا رہی تھی کیا جواز بنتا ہے کہ آپ ویکسین کیخلاف درخواست دائر کریں۔ درخواستگزار نے کہا کہ ایک ٹینس کے مشہور کھلاڑی نے بھی ویکسین نہیں لگوائی تھی، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے اچھی مثال دی، ٹینس کھلاڑی کو ویکسین نہ لگوانے پر انھیں کھیل سے الگ کر دیا گیا تھا بعد میں ان کو اجازت دی گئی جب کرونا ویکسین کی پابندی ختم ہوئی۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میں بھی ٹینس کا فین ہوں مگر اب کرونا وبا ختم ہونے پر اب کیس غیر موثر ہو چکا ہے۔