لاہور( این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 13 پارٹیوں کابھان متی کاکنبہ عنقریب ایک دوسرے کا پوسٹمارٹم کرنے والا ہے ،13 پارٹیوں کی ہانڈی چوک اور چوراہے میں پھوٹنے والی ہے ،20 تاریخ سے الٹی گنتی شروع ہو جائے گی اور 12 اگست تک کٹی کٹا نکل آئے گا، الیکشن 60 دنوں یا 90 دنوں میں ہوتے ہیں اس کا فیصلہ 10 اگست تک ہو جائے گا ۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ جو پنجاب کے الیکشن کے ساتھ ہوا وہ قومی اسمبلی کے الیکشن کے ساتھ نہیں ہوسکتا ،ہر کوئی اپنی تاریخ دے رہا ہے لیکن سپریم کورٹ بھی انگشت بدنداں فیصلے دے گی اور الیکشن ہوکر رہیں گے ،الیکشن کمیشن الیکشن کی تیاری میں مشغول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی آئینی ترمیم ہی ختم کر سکتی ہے ،نواز شریف نے اپنا احتساب قومی اسمبلی سے شروع کیا خود خطاب کیا ،سپریم کورٹ نے کہا جے آئی ٹی بنادیں انہوں نے کہا بنادیں ،جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ نے دفاع کا پورا موقع دیا ،5 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا ،قطری خط 1122 کا کردار ادا نہیں کر سکا اور تاحیات نااہل قرار پائے ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف سعودی عرب تحریری معافی نامہ مانگ کر گئے لندن میں 50 روپے کے اسٹام پیپر پر بیماری کا بہانہ بنا کر گئے ،بھائی وزیر اعظم ہے سفارتی پاسپورٹ ہاتھ میں ہے تو انہیں پاکستان آنے سے کون سا خوف روکے ہوئے ہے ،نواز شریف کے آنے یا نا آنے سے اب پاکستان کی سیاست میں کوئی فرق نہیں پڑے گا ،ان کی چڑیا اب کھیت چگ چکی ہے اور بہت سا پانی پلوں کے نیچے سے گزر چکا ہے ،جو اپنے آپ کو ترپ خان سمجھ رہے ہیں انتظار کریں ان کے چودہ طبق جلد روشن ہو جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ میرے بلاول کے ارمان آنسوئوںمیں بہہ جائیں گے ۔شہباز شریف نگران وزیراعظم کے اختیارات بھی چلمن کے پیچھے خود استعمال کرنا چاہتے ہیں ،لیول پلینگ فیلڈ بھول جائیں یہ قصہ پارینہ ہو چکا ہے، 24 کروڑ لوگوں کی خواہشوں کو پس پشت نہیں ڈالاجاسکتا ،موجودہ حکومت مہمان اداکار ہے ،اگست میں نگران حکومت کا انتظار ہے ،عوام دبئی لندن نہیں پاکستان میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی ،بہت سارے لوگ نگران حکومت کے لیے اپنی سی وی لے کر پھر رہے ہیں دیکھتے ہیں قرعہ فال کسی کے نام نکلتا ہے۔
13 پارٹیوں کابھان متی کاکنبہ جلد ایک دوسرے کا پوسٹمارٹم کرنے والا ہے ‘شیخ رشید
Jul 13, 2023