اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے 2 فروری 2022 سے یکم فروری 2023 تک مقدمات کا ڈیٹا جاری کر دیا جس کے مطابق گزشتہ ایک سال میں مجموعی طور پر 22843 مقدمات نمٹائے گئے،، ایک سال میں 20707 مقدمات سپریم کورٹ میں رجسڑڈ ہوئے۔سپریم کورٹ کے مطابق 2 فروری 2022 کو زیر التوا مقدمات کی تعداد54706 تھی جبکہ یکم فروری 2023 کو مقدمات کی تعداد 52590 تک لائی گئی اور مجموعی طور سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں 2116 مقدمات کی کمی ہوئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ دس سالوں میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں کمی ہوئی، 2013 کے بعد ہر سال سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم دسمبر 2022 ء میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں 1722 مقدمات کی کمی ہوئی۔ سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے بینچ کے سربراہ کے طور پر 243 دنوں میں 8796 مقدمات نمٹائے، جسٹس اعجاز الاحسن نے 247 دنوں میں 4664 مقدمات نمٹائے، جسٹس سردار طارق مسعود نے 158 دنوں میں 3126 مقدمات نمٹائے اور جسٹس قاضی فائز عیسی نے 188 دنوں میں 1323 مقدمات نمٹائے ہیں۔