اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں افسوس ناک واقعے کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے.ابتدائی رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق مورخہ 11 جولائی کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور نزد زلفی مارکیٹ میں کچھ نوجوان لڑکے سہ پہر نماز عصر تا مغرب کے درمیان کرکٹ کھیل رہے تھے. کرکٹ کھیلتے ہوئے گیند سیوریج مین ہول میں گر گئی. علاقہ مکینوں نے لڑکوں کو سیوریج مین ہول کور اٹھانے سے کئی مرتبہ منع کیا مگر اس کے باوجود گیند حاصل کرنے کی خاطر لڑکوں نے سیوریج مین ہول کور اٹھایا اور ایک لڑکا بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے سیوریج مین ہول میں اتر گیا. گیند اٹھاتے وقت سیوریج کی زہریلی گیس کی وجہ سے لڑکا بے ہوش ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا. دیگر لڑکوں نے کافی دیر بعد اسکی ہلاکت کی اطلاع اسکے گھر والوں کو دی.اطلاع ملنے پر لڑکے کا والد جائے وقوع پر پہنچا اور وہ بھی بغیر کسی احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے بچے کو بچانے کے لئے مین ہول میں اتر گیا. چونکہ سیوریج مین ہول میں زہریلی گیس پہلے سے ہی موجود تھی جن کو برداشت نہ کرنے سے والد بھی بے ہوش ہو کر گر گیا اور زندگی کی بازی ہار گیا اور باپ بیٹے کی اچانک موت واقع ہوگئی۔