اسلام آباد(نا مہ نگار) سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پارہ چنار اور کرم ایجنسی کے واقعات سے چشم پوشی نہ برتی جائے۔معاملے کو فرقہ ورانہ رنگ نہیں دینا چاہئے،وفاقی حکومت سفریقین میں فائر بندی کیلئے اپنا کردار ادا کرے،وزارت خارجہ افغانستان کی حکومت سے رابطہ کرکے سرحد پار سے عناصر کے سدباب کیلئے کردار ادا کرے۔بدھ کو ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں علامہ عارف حسین واحدی، ناصر شیرازی و دیگر شریک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پارہ چنار اور کرم ایجنسی میں مذہبی تنازعہ کی بنیاد دراصل اراضی کا تنازعہ ہے۔ اگر 7اساتذہ کا مذہبی بنیادوں پر قتل پر مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جاتی تو کسی کو واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی جرات پیدا نہ ہوتی ،انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات میں9لوگ شہید جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ کرم ایجنسی اور پارہ چنار کے تنازعے میں لوگوں کا بہت بڑا جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ کرم ایجنسی پارہ چنار کے عمائدین اور فریقین سے اپیل کرتے ہیں صبر و تحمل سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمائدین سے اپیل کرتے ہیں مقامی تنازعے کو حل کریں۔ سرحد پار سے آنے والے عناصر نے مذہبی شدت پسندی میں اضافہ کیا۔
پارہ چنار اور کرم ایجنسی کے واقعات سے چشم پوشی نہ برتی جائے‘ لیاقت بلوچ
Jul 13, 2023