امام بارگاہوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی مراکز قائم  

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئرمحمد ایوب نے کہا ہے کہ ایام عاشور (9اور10محرم) کے دوران امام بارگاہوں اور عزاداروںکو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کے غیر متوقع بجلی کے بریک ڈاؤن سے نمٹنے کیلئے گیپکو کے تمام سرکلز، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پر مطلوبہ مقامات پر158ہنگامی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے راستوں اور مقامات پرمطلوبہ سامان اور آلات سے آراستہ گیپکو کی گاڑی اور ماہر عملہ موجود رہے گا جو کسی بھی جگہ بجلی کی ٹرپنگ یا دیگر کسی نقص کی صورت میں فوری سروس فراہم کرے گا۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ریجن بھر میں گیپکو کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امام بارگاہوں، ذوالجناح اور تعزیہ کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لے کر اور اِن روٹس پر تاروں کے نظام کوبہتر بنا دیا گیا ہے اور اس کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن