گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ شہر بھر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق شہر بھر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ ہر طرف پانی کھڑا ہونے سے لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے بارش کے بعد شہر کا دورہ کیا۔سیالکوٹ روڈ، کمشنر روڈ، چرچ روڈ، جناح سٹیڈیم کے اطراف نکاسی آب کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی کے لیے تمام درکار اقدامات بروئے کارلائے جائیں۔یقینی بنایا جائے کوئی ڈسپوزل اسٹیشن بند نہ ہو،فیلڈ افسران، سینیٹیشن عملہ متحرک رہیں اور نکاسی آب تک آپریشن جاری رکھا جائے۔