حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور ایم پی اے چودھری ضمیر الحسن بھٹی نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے تحت اپنے فرائض سر انجام دینے والے سپریم کور ٹ کے ججز خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ جنہوں نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو واپس کیں۔ جس طرح سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں حاصل ہوئی ہیں اسی طرح بہت جلد ہماری پارٹی کا انتخابی نشان بلا بھی واپس ہو گا۔ انکاکہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ ان سیٹوں کے حقدار کون لوگ تھے۔ سائرہ افضل تارڑ کو اس بار بھی عوام نے اپنے ووٹوں سے مسترد کیا اور انہیں پتا تھا کہ وہ مخصوص نشست کے لیے بھی حقدار نہیں،اور آج وہ مخصوص نشست سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے عوام کا عدالتوں پر ایک بار پھر اعتما بڑھے گا۔پی ٹی آئی کی پوری قیادت، کارکن اور ہمارے ووٹر ز، سپورٹرزسپریم کورٹ کے اس فیصلے پر بہت خوش اور ججز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عمران خاں کی قیاد ت میں ہم عوام کے قیمتی ووٹ سے منتخب ہو کر اسمبلیوں میں پہنچے ہیں۔ لیکن ملک میں ایک ایسا مافیا بھی موجو دہے جو غریب آدمی سے دو وقت کی روٹی بھی چھیننا چاہتا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں دن بدن مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، مہنگی بجلی کی وجہ سے لوگ سخت پریشان اور مایوسی کا شکار ہیں۔
جلد پارٹی کا انتخابی نشان بلا بھی واپس ہو گا:انیقہ مہدی
Jul 13, 2024