شیخوپورہ: پٹرول پمپس مشینوں کی سیٹنگ تبدیلی کر کے آئل کی مقدار کم کرنے کا انکشاف  

Jul 13, 2024

شیخوپورہ(عظیم علی شیخ، امجد علی سلطانی سے)ضلع بھر میں قائم پٹرول پمپس کی مشینوں کی جانچ نہ کئے جانے کا فائدہ اٹھا کر پٹرول پمپس مالکان نے مشینوں کی سیٹنگ میں تبدیلی کرکے آئل ڈیلوری کی مقدار کم کردی ہے، ذرائع کے مطابق مختلف پٹرول پمپس کا عملہ شہریوں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر مقدار میں کمی کر کے لاکھوں روپے کما رہا ہے جبکہ بعض پٹرول پمپس پر ملاوٹ شدہ اور ایرانی پٹرول بھی سرعام فروخت کیا جارہا ہے جسے پٹرول پمپس مالکان مقامی ڈبہ سٹیشنوں سے نہایت سستے داموں خرید کر پٹرول پمپس پر فروخت کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی مقدار کی جانچ کے حوالے سے محکمہ لیبر نے رواں سال میں کوئی کارروائی نہیں کی جس سے یہ دھندہ زور پکڑ چکا ہے۔ متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں دوسری طرف شہر بھر میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کی بھی بھرمار ہوچکی ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے منی پٹرول پمپس کے خاتمہ اورمنظور شدہ پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کے معیار اور مقدار کی جانچ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے، واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے منی پٹرول پمپس کے ملی بھگت سے قیام و بھتہ خوری کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔

مزیدخبریں