شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر خوراک پنجاب نے محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان، ڈی پی او بلال ظفر شیخ، اے ڈی سیز، آل اے سیز سمیت دیگر متعلقہ ضلعی افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے اس موقع پر محرم الحرام کے انتظامات بارے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے مجالس و جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سکیورٹی، لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات بارے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین نے اجلاس کی صدارت کرتے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر تمام مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی، جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر فول پروف سکیورٹی، صفائی ستھرائی، لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک کا دورہ شیخوپورہ‘ محرم کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ
Jul 13, 2024