پاکستان ٹیم کی کوچنگ واقعی چیلنج، مضبوط سکواڈ تشکیل دینگے: جیسن گلیسپی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں میں شان مسعود کپتانی کریں گے اور بابر اعظم کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ جیسن گلیسپی نے کہا کہ کوچ کی حیثیت سے میری کوشش ہے شفاف اور ایماندارنہ طریقے سے پاکستان ٹیم کو صف اول کی ٹیم بنانے میں کردار ادا کروں، میرا ٹیسٹ سلیکشن میں بھی کردار ہے اور کوشش کروں گا کہ ٹیسٹ کے سپیشلسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل مضبوط ٹیم تشکیل دوں۔ ڈومیسٹک ٹیموں کی سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں ہوگا،کوشش ہوگی کہ ڈومیسٹک کوچز کی مدد سے کھلاڑیوں سے معلومات کروں۔ کھلاڑیوں کو تازہ دم رکھنے کیلئے ان کا ورک لوڈ مینیج کیا جائیگا ورنہ ان کیلئے مسئلہ ہوسکتا ہے، وہ کس فارمیٹ میں بہتر محسوس کرتے ہیں اس کا فیصلہ انہیں خود کرنا ہے۔ میں نے2007 میں بھارت میں آئی سی ایل میں پہلی بار کوچنگ کی تھی، اس کے بعد بھارت میں آئی پی ایل، انگلینڈ میں یارک شائر کاؤنٹی اور آسٹریلیا میں کوچنگ کر چکا ہوں، مجھے پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کا اسائنمنٹ ملی ہے، پاکستان کی کوچنگ کرنا واقعی چیلنج ہے لیکن مجھے چیلنج میں کام کرنا اچھا لگتا ہے۔ لاہور میں پی سی بی حکام کے ساتھ ملاقات میں گیری کرسٹن بھی موجود تھے اور بورڈ نے ہمیں اپنی پالیسی بتادی ہے، بنگلہ دیش کی سیریز میں شان مسعود کپتانی کریں گے، بابر اعظم چوتھے نمبر پر کھیلیں گے، میں نے ان سے ملاقات میں انہیں کوئی خاص پلان نہیں دیا ہے بلکہ میری کوشش ہے کہ وہ بیٹنگ میں اپنا کردار ادا کریں اور ہمیں میچ جتوائیں۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں جانے کیلئے ہمارے پاس 9 ٹیسٹ ہیں، کوشش کروں گا کہ ٹیسٹ ٹیم میں کھلاڑیوں کا پول زیادہ ہو تاکہ بایولنگ اور بیٹنگ کا ہمارے پاس بیک اپ موجود ہو۔

ای پیپر دی نیشن