لاہور( کامرس رپورٹر)معروف پاکستانی ٹیک انٹر پرینیور ،سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے سٹیٹ بینک کی جانب سے برآمدی آئی ٹی کمپنیوں کو بیرون ملک اداروں میں حصص حاصل کرنے اور بیرون ملک مارکیٹنگ، رابطہ اور نمائندہ دفاتر قائم کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو ترغیب ملے گی۔اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنیوالے آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلے کے مطابق بینکوں کو بیرون ملک مارکیٹنگ، رابطہ اور نمائندہ دفاتر کے قیام یا حصول اور ان کے سالانہ بجٹ کے آپریشنل اخراجات کی ترسیل کیلئے بیرون ملک ایکویٹی سرمایہ کاری کی اجازت بھی دی گئی ہے،اس کے علاوہ آئی ٹی شعبے میں کام کرنیوالی کمپنیاں آف شور اپنے کاروبار کو وسعت دے کر برآمدات بڑھانے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے مجاز ڈیلرز کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ماتحت اداروں کے قیام اور حصول کیلئے بیرون ملک ایکویٹی سرمایہ کاری کی اجازت دیں اور کسی ادارے میں ماتحت اداروں میں اضافی سرمایہ کاری کریں۔کہ فارن ایکسچینج مینوئل کے باب 20 کے پیرا 13 (2) اے کی شقوں پر نظر ثانی سے ایکسپورٹ پر مبنی کمپنیوں، خاص طور پر آئی ٹی سیکٹر میں کام کرنیوالی کمپنیوں کو بیرون ملک اپنے قدم جمانے اور ملکی برآمدات میں اضافے میں مزید سہولت ملے گی۔اہم ترامیم سے آئی ٹی سیکٹر میں کام کرنیوالی برآمدی کمپنیوں کیلئے ایک نئی ای آئی اے کیٹیگری اور ایکسپورٹرز سپیشل فارن کرنسی اکائونٹس سے ای آئی اے کیلئے فنڈز استعمال کرنیوالے برآمد کنندگان کیلئے بینک کی پیشگی نامزدگی کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔