لاہور(کامرس رپورٹر) چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست سکیم نعیم میر نے کہا ہے کہ وفاقی دارلحکومت،لاہور ،کراچی ، پشاور ، راولپنڈی اور کوئٹہ کے بعد اب 42 شہروں تک تاجر دوست سکیم کا دائرہ بڑھادیا گیا ہے۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روزریجنل ٹیکس آفس لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق تاجر تنظیموں سے مشاروت کا سلسلہ جاری ہے۔42 شہروں کیلئے تاجر دوست سکیم کے مجوزہ ایڈوانس ٹیکس ٹیبل کو جاری کیا گیا ہے۔ تاجر دوست سکیم میں شامل تمام اضلاع میں ریٹیلرز سے ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا جو ایڈجسٹ ایبل ہوگا۔ ایڈاونس ٹیکس ٹیبل بناتے وقت پسماندہ، درمیانے اور پوش علاقوں کی درجہ بندی کی گئی اور اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ ٹیکس کا نفاذ منصفانہ ہو۔ نعیم میر نے بتایا کہ ایڈوانس ٹیکس ٹیبل پر مشاورت کیلئے 17ریجنل ٹیکس آفسز میں 42 شہروں کے تاجر نمائندگان سے ویڈیو لنک کے ذریعے مشاورت کی گئی۔ تاجر نمائندوں کے ساتھ اجلاس صبح11 بجے شروع ہوا اور 4 بجے سہ پہر اختتام پذیر ہوا۔ تاجر نمائندوں کی جانب سے اجلاس میں ایڈوانس ٹیکس ٹیبل کے 85 فیصد حصے سے اتفاق کیا گیا جبکہ ہر شہر میں 15 فیصد علاقوں پر لگائے گئے ایڈوانس ٹیکس پر تاجر نمائندگان کے اعتراضات سامنے آئے۔
تاجر دوست سکیم ، 42 شہروں تک دائرہ کار بڑھادیا گیا : نعیم میر
Jul 13, 2024